جنوبی پنجاب کے غریب عوام کا مسئلہ سستا علاج، روزگار ہے: سردار شاکر مزاری

مورخہ: 17 اگست 2022ء

حکومت سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے جامع مالی پیکج دے
الگ سیکرٹریٹ سے جنوبی پنجاب کے عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہیں ملا: نائب ناظم اعلیٰ

جنوبی پنجاب

لاہور (17 اگست 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن سردار شاکر مزاری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب اولیا اللہ اور صوفیائے کرام کی سرزمین ہے اور صدیوں سے علم و ادب کا گہوارہ اور نامور صوفی شعرا کا مسکن ہے۔ سرائیکی خطہ سے ہمیشہ انسانیت کو اتحاد و یکجہتی اور نفرت کے خاتمے کا پیغام ملا۔ منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے بھی جنوبی پنجاب کے کارکنان اتحاد امت اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے اقتدار کے ایوانوں کو بڑی موثر اور طاقتور نمائندگی حاصل رہی ہے مگر جنوبی پنجاب کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہوسکے۔

جنوبی پنجاب کے غریب عوام کا مسئلہ سستا اور معیاری علاج، نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ روزگار اور کسانوں کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگا ڈیزل، بجلی اور کھادیں ہیں، تیسرا بڑا ایشو بے روزگاری کی وجہ سے جنم لینے والا لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ ہے۔ روڈ ڈکیتیوں اور مویشی چوروں کی وارداتوں کی وجہ سے غریب خاندان پریشان ہیں۔ اس حوالے سے پولیس کا کردار موثر اور شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔ سردار شاکر مزاری نے کہا کہ اگرچہ پچھلے ساڑھے تین سال پنجاب کی وزارت اعلیٰ جنوبی پنجاب کو ملی مگر فارم ٹو مارکیٹ روڈ کی تعمیر و مرمت کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، دیہات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے چھوٹا کاشتکار بری طرح متاثر ہوا ہے حکومت متاثرہ کسانوں کی بحالی کیلئے جامع مالی پیکج دے، معمولی مالی مدد سے کسان پاؤں پر کھڑا نہیں ہو گا۔ الگ سیکرٹریٹ سے بھی یہاں کے عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہیں ملا آج بھی اہم فیصلوں کی منظوریاں تخت لاہور سے ہوتی ہیں۔ الگ سیکرٹریٹ کی حیثیت ڈاکخانہ سے زیادہ نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top