زکوۃ و عشر کی وصولی و تقسیم کے نئے نظام کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 26 اگست 2022ء

نقد زکوۃ دینے کی بجائے مستحقین کو کاروباری اشیاء دی جائیں
ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنر منہاج یونیورسٹی لاہور کا چیمبر آف کامرس سیالکوٹ سے خطاب

Dr Hussain Mohi-ud-Din Qadri addresses Chamber of Commerce Sialkot

لاہور (26 اگست 2022) ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ میں ''Economic Development of Pakistan through zakah & Islamic finance'' کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو زکوۃ و عشر کی وصولی اور اس کی تقسیم کے نئے نظام کی ضرورت ہے، عشر، زکوۃ کے محکمہ اور صاحب ثروت لوگوں کے اشتراک سے نقد رقم کی صورت میں زکوۃ دینے کی بجائے مستحق لوگوں کو کاروباری اشیاء دے کر انھیں پاؤں پر کھڑا کیا جائے۔

کانفرنس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے نائب صدر قاسم ملک، سابق صدر ڈاکٹر نعمان بٹ، ممبران، کاروباری شخصیات اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ زکوٰۃ کی رقم کو لوگوں میں مائیکرو فنانس بینکنگ کے ماڈل پر چلتے ہوئے قرضہ حسنہ کی صورت میں تقسیم کیا جائے تاکہ معاشرے سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ہوسکے۔ یہ بات بڑی اہم ہے کہ کسی کو نقد رقم نہ دی جائے، اہلیت اور تربیت کے مطابق کاروباری اشیاء خرید کر دی جائیں تاکہ وسائل کا غلط استعمال نہ ہو اور جو شخص کاروبار کرے گا وہ یقینی طور پر آسان اقساط کی صورت میں لیا گیا غیر سودی قرض واپس بھی کر سکے گا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تاجر اور صنعتکار قومی معیشت میں بنیادی کردار کے حامل ہیں۔ ملکی معیشت کے استحکام، اقتصادی ترقی، بیروزگاری کے خاتمے اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے صنعتکار و تاجر برادری نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

کانفرنس میں اعجاز غوری، محسن گُل، نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات علامہ رانا محمد ادریس قادری، عبدالرحمن ملک، انجینئر محمد سلیم، علامہ ثناء اللہ ربانی، حافظ احتشام محمود، شہزاد اکبر، میاں آصف، میاں رضا، ناصر ایڈووکیٹ، قاضی فیض الاسلام، سرفراز احمد چوہدری، الطاف حسین رندھاوا، واحد فاروق سمیت دیگر رہنما اور تاجر رہنما شریک تھے۔

کانفرنس کے اختتام پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے نائب صدر قاسم ملک نے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا چیمبر آف کامرس شکریہ ادا کرتے ہوئے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بانی و سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اور اپنی تصانیف چیمبر آف کامرس سیالکوٹ کی لائبریری کے لئے بطور تحفہ پیش کیں۔

President Chamber of Commerce Sialkot presents sheild to Dr Hussain Qadri

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top