مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے متاثرین سیلاب میں راشن کی تقسیم کا آغاز کر دیا

مورخہ: 30 اگست 2022ء

سیلاب زدہ علاقوں میں خیمے، چٹائیاں، اشیائے خورونوش، پانی اور ادویات بھجوا رہے ہیں:چوہدری عرفان یوسف
ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی سرگرمیوں کو مسلسل تیز کرنے کی ضرورت ہے:صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ

MSM Flood-Relief activities

لاہور (30 اگست 2022ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے تونسہ، فاضل پور، روجھان، کشمور، تنگوانی، ٹھل، جیکب آباد، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت سیلاب سے متاثرہ ملک کے دیگر علاقوں کے متاثرین کو راشن ان کی دہلیز پر پہنچانے کا آغاز کر دیا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور امدادی سرگرمیاں مزید وسیع اور تیز کر دی گئی ہیں۔ سیلاب و بارشوں سے ہونے والی تباہی کی مکمل تفصیلات لے کر متاثرہ علاقوں میں خشک غذائی اجناس، راشن، ادویات اور نقد رقم تقسیم کر رہے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان رضا کاروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں طبی امداد اور اشیاء خوردونوش ہر قیمت پر پہنچنی چاہیے۔ چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران متاثرہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے سلسلے میں لاکھوں روپے خرچ کر چکی ہے۔ ایم ایس ایم نے شروع دن ہی سے ریسکیو کے فرائض دینے کے لئے ٹیمیں روانہ کر دی تھیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی مقامی تنظیمات سے رابطہ کر کے ریلیف کے کام کررہے ہیں۔ ریلیف کے کاموں کو مزید وسعت دینے کے لئے تمام تر وسائل برؤے کار لائے جارہے ہیں۔ چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پوری قوم کو متاثرین سیلاب کی آواز پر لبیک کہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا مزید انسانی المیہ کو جنم لینے سے روکنے کیلئے مربوط انداز میں ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی سرگرمیوں کو مسلسل تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ جب تک سیلاب سے متاثرہ آخری شخص کو بھی ریلیف میسر نہیں آجاتا اس وقت تک نہ تھکیں گے اور نہ ہی رکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کیلئے خیمے، چٹائیاں، اشیائے خورونوش، پانی اور ادویات بھجوا رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top