خرم نواز گنڈاپور کا سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ، متاثرینِ میں راشن اور امدادی پیکج تقسیم کیا
ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے تونسہ شریف اور سیلاب سے متاثرہ دیگر اضلاع کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرینِ سیلاب میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم کیں۔ اس موقع پر راشن تقسیم کرنے کے بعد انہوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے خیبرپختونخواہ کے 4 اضلاع، سندھ اور جنوبی پنجاب کے تین تین اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے جنوبی پنجاب میں تونسہ شریف، فاضل پور، روجھان اور راجن پور میں ٹینٹ ویلج قائم کئے جا رہے ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو رہائشی سہولیات کے ساتھ اشیائے خورونوش مہیا کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل میڈیکل یونٹ بھجوایا گیا ہے جو طبی سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو پہلے مرحلے میں خشک خوراک فراہم کی جا رہی ہے، دوسرے مرحلے میں متاثرہ گھروں کی تعمیر نو کیلئے تعمیراتی میٹریل کی شکل میں مدد دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے تحریک منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات معمول کی سرگرمیاں معطل کر کے بحالی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔
اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب سردار شاکر خان مزاری، مظفر حسن، صوبے دار امیر محمد، حافظ محمد ناصر قادری، حاجی محمد ریاض، ڈاکٹر محمد آصف، غلام شبیر مصطفوی اور طارق عزیز بھی ان کے ساتھ تھے۔
تبصرہ