منہاج القرآن کی دینی مساعی کا مرکز و محور ذات مصطفی ﷺ ہے: علامہ میر آصف اکبر

حضور نبی اکرم ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا یہ عقیدہ دین اور ایمان کی بنیاد ہے
آپ ﷺ کا خاتم النبین ہونا نصوص قرآنیہ سے ثابت ہے:ناظم منہاج القرآن علماء کونسل

Khatam e Nabuwwat

لاہور (7 ستمبر 2022ء) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ خاتم النبین ہیں۔ آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی عمارت کی بنیاد ہے۔ آپ ﷺ کا خاتم النبین ہونا نصوص قرآنیہ سے ثابت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تحفظ ناموس رسالت اور فروغ عشق مصطفی ﷺ کی تحریک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور اس ضمن میں ان کی تقریری و تحریری خدمات امت مسلمہ کا فکری اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا تھا کہ دین مکمل ہو گیا اور انہوں نے قیامت تک کے لئے آنے والے مسلمانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ ان تعلیمات کو آنے والوں تک پہنچائیں جس کا مطلب ہے کہ اب قیامت تک اور کسی نبی نے نہیں آنا۔ دعوتِ دین کا کام اُمت مسلمہ کے ہر فرزند کے ذمہ ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت پر حملے دراصل دین اور ایمان کی فکری عمارت کو گرانے کی مذموم کوششیں ہیں۔ اہل ایمان ایسی کسی منفی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جس مقدس و معتبر ہستی کے ذکر کو اللہ نے بلند کیا ہے دنیا کی کوئی طاقت اُسے کم یا زیادہ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبین حضور نبی اکرم ﷺ کی عزت اور ناموس کے تحفظ کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات تاریخی اور قابل ستائش ہیں۔ تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے اکتوبر 1988ء کو مینار پاکستان کے وسیع و عریض میدان میں منعقد ہونے والی عالمی ختم نبوت کانفرنس اس بات کی گواہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن تحفظ ناموس رسالت کی سب سے بڑی اور نمائندہ تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی دینی مساعی کا مرکز و محور ذات مصطفی ﷺ ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف و تالیف کا محور بھی اسی نقطہ کے گرد گھومتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top