سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پورے پاکستان میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں: مینجنگ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر

ریسکیو اور ریلیف کے ساتھ ساتھ متاثرین کی بحالی و آبادکاری کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں
دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے متاثرین سیلاب کی دل کھول کر مددکی، فیصل حسین کی امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کو سیلاب زدگان کی بروقت مدد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، عدنان سہیل، رفیق نجم، جواد حامد، نور اللہ صدیقی، ڈاکٹر فرح ناز کی شرکت

Minhaj Welfare Foundation flood relief activites

لاہور (8 ستمبر 2022) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر فیصل حسین نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پورے پاکستان میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرین سیلاب کی زندگیاں معمول پر آنے تک امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پہلے دن سے ہی اپنے غم زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد کیلئے میدان عمل میں موجود ہے۔ ڈیرہ غازی خان، روجھان، فاضل پور، راجن پور، جام پور، کروڑ لعل عیسن، جیکب آباد، شکار پور، ڈیرہ اللہ یارسمیت سندھ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کیلئے ہمارے رضا کار موجود ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سیلاب زدگان کی امدداد اور بحالی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ غذائی اجناس، خیمے، پانی، ادویات، مچھر دانیاں، چارپائیاں، بستر، برتن سمیت دیگر ضروری اشیاء کا متاثرہ علاقوں کیلئے روزانہ روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے ساتھ ساتھ متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کی منصوبہ بندی بھی کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، علامہ میر آصف اکبر، جواد حامد، انجینئر ثناء اللہ خان، منصور قاسم اعوان، اشتیاق حنیف مغل، ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، ڈائریکٹرآپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن عدنان سہیل سمیت دیگر رہنماؤں کو آن لائن بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے متاثرین سیلاب کی دل کھول کر مدد کرنے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کرتے ہوئے خصوصی تعاون پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ خیمہ بستیوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے پکا پکایا کھانا، پانی، بجلی و دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ متاثرین کے علاج معالجے کیلئے میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں، بچوں کی تعلیم کیلئے عارضی سکول اور مساجد بھی بنائی گئی ہیں۔ منہاج ویلفیئر کے رضاکار متاثرہ علاقوں میں مچھر مار سپرے بھی کروا رہے ہیں۔ موبائل ہسپتال اور کیمپس کلینک کے ذریعے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف متاثرہ مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ لیب ٹیسٹ اور تشخیص کے بعد مختلف بیماریوں میں مبتلا سیلاب متاثرین کا ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز سے علاج کروائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ روجھان، فاضل پور، راجن پور اور جام پور میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی طبی ضروریات پوری کرنے اور انہیں وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے موبائل ہسپتال، میڈیکل کیمپس میں موجود ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور رضا کار مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تیس سے زائد مقامات پر میڈیکل کیمپس لگائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مریضوں کی بڑی تعداد ملیریا، ڈائریا، سانس کے انفیکشن، بخار، جلد کی بیماریوں میں مبتلا ہے۔ سانپ کے کاٹے اور معدے کی خرابی کے مریضوں کو بھی فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی میڈیکل ٹیمیں ڈینگی، تیز بخار اور خون کی کمی کے مریضوں کو بھی علاج فراہم کر رہی ہیں۔

خرم نواز گنڈاپور نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران کو سیلاب زدگان کی بروقت مدد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top