سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ کا مریم نواز سے سوال

مریم سیاسی ظلم کے خلاف ہے تو پھر قاتلوں کو سزا دلوانے کیلئے میرے ساتھ کھڑی ہوں
میرا سوال ہے مجھے مریم نواز کے والد کے اقتدار میں ماں کی شفقت سے محروم کیوں کیا گیا؟
سانحہ کے بعد مریم کے والد 4 سال اقتدار میں رہے، مجھے انصاف کیوں نہیں دلوایا؟
میں جاننا چاہتی ہوں کہ میری ماں اور میری پھوپھی کی کس جرم کی پاداش میں جان لی گئی؟

بسمہ کا مریم نواز سے سوال

لاہور (12 ستمبر 2022ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے کہا ہے کہ مریم نواز نے کہا ہے کہ ”ماں کی قدر کریں، والدہ کی شفقت نہ پانے اور غیر موجودگی کا درد تکلیف دہ ہے جو کبھی آپ کا پیچھا نہیں چھوڑتا“۔ مریم نواز کی والدہ کی طبعی موت ہوئی مگر میں 11 سال کی تھی جب میری والدہ کو 17 جون 2014ء کے دن ماڈل ٹاؤن میں مرد پولیس اہلکاروں نے بلااشتعال میری آنکھوں کے سامنے گولیاں ماریں اور انہیں شہید کر دیا۔

مریم کے پاس بے پناہ وسائل تھے اور انہوں نے اپنی والدہ کا دنیا کے بہترین ہسپتالوں اور ڈاکٹرز سے علاج کروایا۔ کچھ لمحوں کے لئے مریم نواز میری جگہ پر کھڑی ہو کر محسوس کریں کہ اگر بیٹی کے سامنے ماں کو قتل کر دیا جائے تو اُس وقت اُس بیٹی کی کیا حالت ہو سکتی ہے؟۔

بسمہ امجد نے کہا کہ جب میری والدہ کو شہید کیا گیا اس وقت مریم نواز ان کے والد وزیراعظم نواز شریف ان کے چچا وزیراعلیٰ شہباز شریف چند فرلانگ کے فاصلے پر ماڈل ٹاؤن میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس کئی گھنٹے تک نہتے شہریوں پر سیدھی گولیاں چلاتی رہی۔ کسی نے انہیں نہیں روکا۔ اس وحشیانہ فائرنگ میں میری والدہ تنزیلہ امجد اور میری پھوپھی شازیہ مرتضیٰ دونوں موقع پر شہید ہو گئیں۔ میں مریم نواز سے پوچھتی ہوں مجھے میری ماں کے سایہ شفقت سے کیوں محروم کیا گیا؟ اور مجھ سے میری جنت کیوں چھینی گئی؟

مریم نواز سے میرا سوال ہے کہ ان کے وزیراعظم والد نواز شریف اور وزیراعلیٰ چچا شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد مسلسل چار سال اقتدار میں رہے اس دوران مجھے انصاف کیوں نہیں دلوایا؟ اور سانحہ کی غیر جانبدار تفتیش کیوں نہیں ہونے دی گئی؟ بسمہ امجد نے کہا کہ مریم نواز اگر حق اور انصاف کے ساتھ کھڑی نہیں ہو سکتیں تو پھر میڈیا کی زینت بننے کے لئے نمائشی الفاظ کا استعمال کر کے ہم جیسے مظلوموں کے زخموں پر نمک چھڑکنا بند کر دیں اور اگر ان کی سیاست ظلم کے خلاف ہے تو پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دلوانے کے لئے میرے ساتھ کھڑی ہوں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top