گھروں، مساجد اور مدارس کی تعمیر نو کیلئے پلان بنایا ہے:ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرہ سادات خاندانوں کیلئے مواخات فنڈ قائم کیا ہے
ہر ماڈل خیمہ بستی میں سولر ٹیوب ویل، سکول، پختہ فلش سسٹم، میڈیکل کیمپ کی سہولت میسر ہو گی
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین کی خرم نواز گنڈاپور، عدنان سہیل کے ہمراہ پریس کانفرنس
راجن پور، فاضل پور، روجھان میں ماڈل خیمہ بستیاں قائم کر دی گئی ہیں، پریس کانفرنس
لاہور (15 ستمبر 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے 50 ٹرکوں پر خوراک اور خیمے چاروں صوبوں کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے روانہ کیے جا رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن چاروں صوبوں میں ماڈل خیمہ بستیاں قائم کر رہی ہے، پہلے مرحلہ میں راجن پور، فاضل پور اور روجھان میں ماڈل خیمہ بستیاں قائم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشن عدنان سہیل اور منہاج القرآن کے نائب ناظمین اعلیٰ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیمہ بستیوں میں سولر ٹیوب ویل، سولر لائٹس، تندور، پختہ فلش سسٹم، میڈیکل کیمپ، بچوں کے لیے جھولوں اور سکول کی سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک متاثرین سیلاب میں سینکڑوں ٹن خوراک اور اشیائے ضروریہ پہنچائی جا چکی ہیں، 8 سے 10 افراد کے لئے رہائش کی گنجائش رکھنے والے خیمے خصوصی طور پر آرڈر پر تیار کروا رہے ہیں، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر نو کے ساتھ ساتھ مساجد اور مدارس کی تعمیر نو میں بھی مدد کرے گی، اس حوالے سے پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت ویلفیئر ایکٹیوٹیز کر رہی ہے ہمیں کسی ڈونر ایجنسی کی مدد حاصل نہیں ہے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر آپریشن عدنان سہیل نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن چاروں صوبوں میں ویلفیئرایکٹیوٹیز کر رہی ہے، آج لاہور سے 50 ٹرک ڈیرہ اسماعیل روجھان، فاضل، راجن پور بلوچستان، اور سندھ کے منتخب متاثرہ اضلاع کے لیے روانہ کیے گئے ہیں، متاثرین کی بحالی تک ویلفیئر ایکٹیوٹیز جاری رہیں گی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے سادات خاندانوں کی باوقار مدد کے لیے الگ سے مواخات فنڈ قائم کیا گیا ہے، سادات کی زکوۃ یا صدقات سے مدد نہیں کی جا سکتی اس لیے ان کے مخیر حضرات سے مل کر الگ سے ڈونیشنز جمع کر رہے ہیں۔
تبصرہ