منہاج القرآن کا اجلاس، عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان سمیت عالم عرب سے شیوخ و علمائے کرام شرکت کریں گے
حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کا جشن مناکر امت مسلمہ اپنے ایمان کو تقویت دیتی ہے: خرم نواز گنڈاپور
اجلاس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو سیلاب متاثرین کے لئے خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا

عالمی میلاد کانفرنس

لاہور (24 ستمبر 2022) تحریک منہاج القرآن کا خصوصی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں 39 ویں عالمی میلاد کانفرنس (مینار پاکستان) کی تیاریاں و انتظامات اور اہم مذہبی، سیاسی شخصیات کو دئیے جانے والے دعوتی سلسلے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور عالمی میلاد کانفرنس کیلئے پورے لاہور میں استقبالیہ کیمپ لگائے گی۔ اہلیانِ لاہور کو 39ویں عالمی میلاد کانفرنس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو سیلاب متاثرین کے لئے بہترین خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ استقبال ربیع الاؤل کے سلسلے میں نکالے جانے والے مشعل بردار جلوسوں میں شریک عوام الناس کو 39ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مینار پاکستان کا تاریخی میدان ہر سال لاکھوں عشاقانِ رسولﷺ کو اپنے دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور نبی اکرمﷺ کی ولادت کا جشن مناکر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں۔

39ویں عالمی میلاد کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے علماء، مشائخ، سیاسی و سماجی رہنما، تاجر برادری، وکلاء، طلبہ تنظیموں کے قائدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اسٹیج پر موجود ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی خواتین اور مرد حضرات کے لئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔

خرم نواز گنڈاپور نے منہا ج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیاں کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غم زدہ ہم وطنوں کی مدد مذہبی و قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار ملک کے چاروں صوبوں میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ متاثرین کی بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

اجلاس میں جی ایم ملک، محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، نور اللہ صدیقی، محمد جواد حامد، علامہ میر آصف اکبر، شہزاد رسول، سہیل احمد رضا، شاہد لطیف، سردار عمر دراز، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، رانا نفیس حسین قادری، علامہ محمد حسین آزاد، حفیظ الرحمان خان سمیت رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top