منہاج القرآن کی فکری اساس علم و شعور آگہی و حکمت، دانش اور تدبر سے عبارت ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاجینز پارلیمنٹ سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز پر مشتمل منہاجینز فورم کے پارلیمانی اجلاس میں آن لائن شرکت و گفتگو
اجلاس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شیخ الاسلام دامت برکاتہم عالیہ کی طرف سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے 25 منہاجینز کو شیلڈز دیں۔
اجلاس میں صدر منہاجینز ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، جواد حامد، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر خرم شہزاد اور بڑی تعداد میں منہاجینز شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علم، شعورو آگہی، حکمت و دانش کی تحریک ہے اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فاضلین پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم اِسلامی مراکز کے ذریعے مقامی آبادی کی فکری اور اَخلاقی اِصلاح اور روحانی تربیت کا فریضہ بخوبی نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ بعثت مبارک کے آغاز سے ہی درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا ، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعلیم و تربیت فرمائی اور پھر وہ صحابہ کرام آقا کریمﷺ کی تعلیمات کے داعی بن کر اسلام کی تعلیمات کو پوری دنیا میں پھیلانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے تھے۔ آقا علیہ الصلٰوۃ والسلام نے صحابہ کرام کو تعلیم دے کر صرف عالمِ دین یا مبلغ نہیں بنایا بلکہ انہیں بیک وقت مربی، معلم، داعی اور امور سلطنت کا ماہر بنایا، ریگزارِ عرب میں رہنے والے لوگوں کو مقصد حیات دیا اور بتایا کہ اسلام اَمن و محبت، اِعتدال و میانہ روی اور ہم آہنگی و رواداری کا دین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے کہیں تلوار کا استعمال نہیں کیا گیا اسلام کی تلوار جب بھی اٹھی تو وہ ظالم، جابر حکمرانوں کے خلاف اور انسانیت کی حفاظت کے لیے اٹھی، جبکہ اسلام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمین کے داعیانہ کردار کی بدولت پھیلا۔ اسلام کا سفر جہد مسلسل سے عبارت ہے اور تمام صحابہ کرام ہمیشہ داعی اور آقا کریمﷺ کی فکر کے امین رہے اور ان کی فکر کو آگے نسلوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہے۔
انہوں نے کہا آپ لوگ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے علم اور مصطفویٰ مشن کے وارثان ہیں۔ آپ کی زندگی کا مقصد یہ ہے کہ اس درسگاہ سے آپ کو جو شعور، ادراک، فہم، فکر اور تصور ملا اس کو آگے لوگوں تک پہنچائیں۔ آپ لوگ اس مشن کی کسی نہ کسی ذمہ داری پر رہیں تاکہ آپ مرکز کے ربط میں رہیں اور اپ کا حبی، قلبی، روحی تعلق اس مشن سے، مرکز سے اور آقا کریم علیہ الصلوۃ والسلام سے قائم رہے۔ اپنے گھروں میں مراکز علم قائم کریں جس کے ذریعے تعلیمات مصطفیٰ ﷺ، تعلیمات اسلام، تحریک کی فکر اور میرے پیغام کو گھر گھر تک پہنچائیں۔
انہوں نے منہاجینز پارلیمنٹ کے انعقاد پر صدر نعیم انور نعمانی سمیت منہاجینز فورم کی مرکزی ٹیم کو مُبارکباد دی اور کہا کہ اس طرح کے پروگرامز فیلڈ میں موجود منہاجینز کے مرکز کے ساتھ رابطے کا اہم اور مؤثر ذریعہ ہیں ان پروگرام کا وقتاً فوقتاً انعقاد انتہائی ضروری ہے۔
اجلاس میں راجہ زاہد محمود قادری، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، چودھری شہزاد رسول، علامہ وسیم افضل اور مولانا محمد حسین آزاد بھی شریک ہوئے۔
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پی ایچ ڈی اساتذہ کرام کے لیے ایوارڈ
منہاجینز پارلیمنٹ کے اجلاس میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے اساتذہ کرام کو بھی ایوارڈ دیئے گئے۔ جن میں ڈاکٹر شبیر احمد جامی (ایچ او ڈی اسلامک سٹڈیز)، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی (ڈائیریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز)، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر سید افتحار احمد شاہ اور ڈاکٹر زوہیر احمد صدیقی شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ایوارڈز دیئے۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات پر ایوارڈ دیئے گئے
منہاج کالج برائے خواتین کی گریجوایٹس کو ایوارڈ دیئے گئے
تبصرہ