عالمی میلاد کانفرنس، تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

عالمی میلاد کانفرنس کی رات 200 نوجوان پودوں، پھولوں اور کیاریوں کی حفاظت کریں گے
عالمی میلاد کانفرنس میں اہلیان لاہور جلوسوں کی شکل میں درود سلام پڑھتے ہوئے آئیں: جواد حامد
مینار پاکستان کے گراؤنڈ کی صفائی کا مکمل خیال رکھا جائے گا: نائب ناظم اعلیٰ

مینار پاکستان لاہور

لاہور (5 اکتوبر2022) سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جواد حامد نے کہا ہے کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت ہے۔ مینار پاکستان 39ویں عالمی میلاد کانفرنس میں اہلیان لاہور جلوسوں کی شکل میں درود سلام پڑھتے ہوئے آئیں۔ راستے میں موجود لوگ جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں۔

لاہور والے مینار پاکستان میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت کریں کہ 11ربیع الاؤل کی رات فضا غلام ہیں غلام ہیں رسولﷺ کے غلام ہیں اور مرحبا مرحبا آمد مصطفی مرحبا ﷺ کے مقدس نعروں سے گونج اٹھے۔

39ویں عالمی میلاد کانفرنس میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور منہاج یوتھ لیگ کے200 سے زائد نوجوانوں کو یہ ذمہ داری دے دی گئی ہے کہ وہ مینار پاکستان میں موجود پودوں، پھولوں اور کیاریوں کی حفاظت کریں۔ مینار پاکستان میں کوئی پھول ٹوٹے گا نہ پتہ گرے گا اور نہ ہی کسی پودے کو نقصان پہنچے گا۔ مینار پاکستان کے گراؤنڈ کی صفائی کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

کانفرنس کی تیاریاں تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی کے ہمراہ میڈیا، سوشل میڈیا، سیکیورٹی و دیگر انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے ہمراہ 39ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 8 اکتوبر 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کریں گے جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے معروف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کانفرنس میں شرکت کر یں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top