پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن کی نماز جنازہ لاہور (شادمان) میں ادا کر دی گئی

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نماز جنازہ پڑھائی
مرحوم کی قل خوانی کا ختم 19 اکتوبر جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی

پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن

لاہور (18 اکتوبر 2022) معروف معالج، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ممتاز الحسن کی نماز جنازہ لاہور (شادمان) میں ان کی رہائش گاہ پر ادا کی گئی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نماز جنازہ پڑھائی، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام، میاں زاہد اسلام سمیت تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد ڈاکٹر ممتاز الحسن (مرحوم) کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ مرحوم منہاج القرآن انٹرنیشنل کے دیرینہ رفیق اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قریبی ساتھی تھے۔ مرحوم کا شیخ االاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے دیرینہ اور گہرا تعلق تھا وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے معالج بھی تھے۔ مرحوم ہمہ وقت مصطفوی مشن، دین اسلام، پاکستان اور مخلوق خدا کی خدمت میں مصروف عمل رہتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر ممتاز الحسن (مرحوم) نے شعبہ طب میں گرانقدر خدمات سر انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بخشش و مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے۔ ڈاکٹر ممتاز الحسن کی شعبہ طب کیلئے خدمات کے اعتراف میں ریاست پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

نماز جنازہ میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنما و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مرحوم کے قل خوانی کا ختم اور ایصال ثواب کے لئے دعائیہ محفل 19 اکتوبر (بدھ) کو بعد نماز عصر 4:15 بجے سہ پہر جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری محفل قل شریف قرآن خوانی میں خصوصی شرکت کریں گے۔ تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات ایصال ثواب کی محفل میں شرکت کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top