مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زیراہتمام سالانہ میلادِ مصطفیٰﷺ کانفرنس کا انعقاد
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے زیراہتمام 2 نومبر 2022ء کو سالانہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر علی وقار قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس میں سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم پاکستان شیخ فرحان عزیز، ایم ایس ایم سنٹرل پنجاب کے صدر میاں انصر محمود، ایم ایس ایم لاہور کے صدر محسن اقبال، ایم ایس ایم جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے صدر محمد طاہر کھوکھر اور سابق صدر ایم ایس ایم جامعہ زرعیہ فیصل آباد ڈاکٹر محمد ثاقب سمیت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے کارکنان، مختلف ڈیپارٹمنٹس کے طلبہ اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی وقار قادری کا کہنا تھا کہ ہم نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے جو پہلا تعلق بنانا ہے وہ عقل و شعور کا تعلق ہے۔ دینِ اسلام خود کامل ہے اور اس کا تقاضا بھی یہ ہے کہ اسے اپنایا بھی کامل جائے۔ آج کے دور میں بنیادی مسئلہ ہی یہ ہے کہ لوگوں نے جو دین کو اپنایا ہوا ہے وہ انہوں نے نامکمل اپنایا ہوا ہے۔ قرآن پاک اس لیے نازل فرمایا گیا ہے تاکہ اسے مرکزِ غور و فکر بنایا جائے۔ جب تک ہم قرآن پاک سے فکری تعلق قائم نہیں کریں گے تب تک اسلام اور مسلمانوں پر زوال ختم نہیں ہوگا۔ آج قرآن کو ایسی کتاب سمجھ لیا گیا ہے جو یا کسی کے مرنے پر پڑھا جاتا ہے یا محض ثواب کیلئے پڑھا جاتا ہے۔ جبکہ قرآن کا نزول کا تو یہ مقصد ہی نہیں ہے۔
شیخ فرحان عزیز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کا کہا کہ ہم اللہ پاک کا شکر بجا لاتے ہیں کہ اللہ پاک نے آقائے دو جہاں ﷺ کی ذات کو ہمارے درمیان بھیجا اور ہم پر احسانِ عظیم کیا۔ آقائے دو جہاں ﷺ کی آمد دنیاِ کائنات کیلئے ایک معجزہ ثابت ہوئی۔ آپ نے علم، محبت اور امن کو اپنا ہتھیار بنایا اور معاشرے میں پھیلے غلط رسم و رواج کو ختم فرمایا اور امن و محبت سے دین کی دعوت دی۔آقائے دو جہاں آج کی نوجوان نسل کیلئے بہترین نمونہ ہیں۔
تبصرہ