شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

ملکی امن تہ و بالا کرنے کی کوشش کی گئی: قائد تحریک منہاج القرآن

لاہور (4 نومبر 2022ء) بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ پر دلی افسوس ہے۔ میں عمران خان اور زخمی ہونے والے تحریک انصاف کے دیگر قائدین کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن بنائے جو اس واقعہ کی ہر نہج پر انکوائری کرے اور حقائق منظر عام پر آنے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ اس ملک میں کمیشنوں اور انکوائریوں کی تاریخ حوصلہ افزا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اس کی ایک بڑی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال کی مسلسل جدوجہد کے بعد سپریم کورٹ نے سانحہ کی غیر جانبدارانہ تفتیش کے لئے ازسرنو جے آئی ٹی قائم کرنے کی اجازت دی مگر اُسے ماتحت عدالت نے معطل کر دیا اور تین سال سے مسلسل جے آئی ٹی کی بحالی کیلئے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی عدم فراہمی کی وجہ سے روزبروز بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ عمران خان پر حملہ ایک سنگین معاملہ ہے اس کے ذریعے ملکی امن کو تہ و بالا کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے زخمی کارکنان کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے کارکن کے اہل خانہ سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top