ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ و محفل بڑی گیارہویں شریف کا انعقاد

اولیاء اللہ کی پاکیزہ زندگیاں اعمال صالحہ سے عبارت ہوتی ہیں: منہاج الدین قادری

Majlis Gosha e durood november 2022

لاہور (7 نومبر 2022) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام گوشۂ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ کی محفل اور بڑی گیارہویں شریف کا روحانی اجتماع مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں سمیت جید علمائے کرام، مشایخ عظام، معروف قرآ اور منہاج نعت کونسل سمیت دیگر ثناء خواں حضرات نے آقائے دو جہاں حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ روحانی محفل میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (بزم منہاج)کے ممبران نے گوشۂ درود کے اجتماعی وظائف پڑھائے۔ روحانی اجتماع میں گوشۂ درود کے نظام کے تحت ماہ اکتوبر 2022ء میں پڑھا گیا درود پاک محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺکی بارگاہ عالیہ میں پیش کیا گیا۔

روحانی اجتماع میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی قائدین، بزم قادریہ، گوشہ درود کے منتظمین، نظامتِ دعوت و تربیت کے اسکالرز، منہاج کالج برائے خواتین کی طالبات و سٹاف ممبران، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء و اساتذہ کرام، تحریک منہاج القرآن لاہور کے قائدین و کارکنان سمیت عشاق رسول کی بڑی تعداد شریک تھی۔

نائب ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ محمد منہاج الدین قادری نے ”مقام اولیاء و شان غوث الوریٰ“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ، اللہ رب العزت کے دوست ہوتے ہیں اور انہوں نے اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کیا ہوتا ہے۔ صوفیاء شریعت مطہرہ کے ظاہر و باطن کے پابند ہوتے ہیں۔ حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے بارے میں فرمایا ہے کہ میں نے اتنا علم حاصل کیا کہ میں درجہ قطبیت پر فائز ہو گیا اور اللہ کی طرف سے سعادت کبریٰ حاصل کی۔ حضور غوث الاعظم ؒ نے تمام ظاہری اور باطنی علوم پر عبور حاصل کیا۔ مفسرین، ادبا اور اپنے فن پر فخر کرنے والے حضور غوث الاعظمؒ کی محفل میں پہنچ کر آپ کی علمیت کی وجہ سے دم بخود رہ جاتے اور اپنے آپ کو حضور غوث الاعظمؒ کی ارادت میں دے کر جاتے۔ اولیاء اللہ کی پاکیزہ زندگیاں اعمال صالحہ سے عبارت ہوتی ہیں وہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پیروی کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی خیر و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top