منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیراہتمام سلسلہ محافل میلاد النبی ﷺ

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

ماہِ میلاد النبی ﷺ امتِ مسلمہ کیلئے خوشیوں کا پیغام لیکر آتا ہے اور ہر مسلمان رسالتمآب ﷺ سے اپنے تعلق کا اظہار کرتا ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیراہتمام محافل میلاد النبی ﷺ کا سلسلہ ماہ ربیع الاول کی آمد سے قبل شروع ہو گیا تھا۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلی محفل کا انعقاد استقبال ربیع الاول کے عنوان سے منہاج القرآن انٹرنیشنل خیطان کے صدر محمد سلیم نے رضوان ساہی کی معاونت سے ان کی رہائش گاہ پر 29 ستمبر 2022 کو کیا۔

سلسلۂ انوار کو آگے بڑھاتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے سابق صدر منیر احمد گجر نے اپنی رہائش گاہ جلیب الشیوخ میں طاہر محمود پروانہ اور محمد شفیق قادری کی معاونت سے ایک عظیم الشان محفل کا انعقاد 7 اکتوبر 2022 کو کیا۔

کویت میں موجود انڈین کمیونٹی کے منہاج القرآن کویت کے صدر ماجد دلوی نے اپنی رہائش گاہ پر میلاد النبی ﷺ کا انعقاد 7 اکتوبر 2022 کو کیا اور عاشقانِ رسول ﷺ کو جمع ہو کر اپنے قلوب کو منور کرنے کا موقع فراہم کیا۔

اسی قافلۂ عشق کو آگے چلاتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی ذیلی تنظیم جہراء نے رات 10 بجے 7 اکتوبر 2022 کو میلادِ پاک کی بابرکت محفل منعقد کی، جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ کو جمع کیا اور کریم آقا ﷺ کی شان اقدس کے ترانے پڑھے۔

اسی عظیم سعادت کو جاری رکھتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی ذیلی تنظیم شرق نے 14 اکتوبر 2022 کو کویت وزارت دفاع میں اپنے فرائض سر انجام دینے والے محب وطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد کو الطاہر ہاؤس سالمیہ میں جمع کر کے منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے ہراول دستے کا ثبوت دیا۔

اسی شرف عظیم کو اپناتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی ذیلی تنظیم فروانیہ نے محمد اشرف راجپوت، محمد سلیم، حافظ نثار احمد اور عبدالوہاب کی زیر نگرانی 24 اکتوبر 2022 کو بعد از نماز عشاء کویت کے بہت خوبصورت "الضوایحی" ہال میں ایک عظیم الشان محفل سجائی۔

میلاد پاک کے فیوض و برکات سمیٹنے میں میڈیکل کے احباب کسی سے پیچھے نہ رہے۔ مظفر اقبال نے سالمیہ میں اپنی رہائش گاہ پر ایک شاندار محفل میلاد کا انتظام کر کے احباب کو جمع کیا اور آقا کریم ﷺ کی ثناء خوانی کا موقع فراہم کیا اسی طرح میڈیکل کے دوسرے دوست محمد نعمان نےفروانیہ میں اپنی رہائش گاہ پر تمام احباب کو اکٹھا کر کے ایک شاندار محفل کا اہتمام کیا۔

ہمیشہ کی طرح کویت کے بارڈر کے قریبی علاقے وفرہ میں چوہدری صفدر اور فیاض نے عظیم الشان محفل میلاد منعقد کر کے جنگل میں منگل بنا دیا۔ کویت کے تمام علاقوں سے عاشقانِ رسول ﷺ نے وفرہ کے احباب کی اس عظیم کاوش کو سراہتے ہوئے ان کی دعوت پر لبیک کہا اور کثیر تعداد میں منہاج القرآن کے رفقاء اور دیگر دوست بروقت محفل میں شامل ہوئے۔

ان بڑی محافل کے علاوہ الحاج عبد الرؤوف بھٹی ناظم حلقہ درود و نعت کونسل نے کویت کے مرکزی علاقہ فحیل میں کویت کے مشہور نعت خوانوں کو جمع کرکے ماہ ربیع الاول میں تقریبا بلا ناغہ نبی رحمت للعالمین ﷺ کی ثنا خوانی کی۔

حاجی عبد الرشید صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کی رہائش گاہ الطاہر ہاؤس سالمیہ میں ہفتہ وار محفل ذکرونعت اور شرکاء کی تواضع بعد از نماز جمعة المبارك بلا ناغہ حضور پرنور ﷺ کے نعلین پاک کے تصدق سے جاری و ساری رہی۔

کویت: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام خیطان میں محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد

آقا کریم ﷺ کے نعلین پاک کے تصدق اور خصوصی رحمت سے پاکستان کی طرح کویت میں بھی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کا انعقاد منہاج القرآن کے ہی حصے میں آیا۔ یہ مرکزی محفل میلاد النبی ﷺ منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیراہتمام ایک عظیم الشان محفلِ میلاد النبی ﷺ بعنوان ’میلاد کانفرنس‘ کویت کے علاقے خیطان کے راجدھانی پیلس کے وسیع وعریض ہال میں انعقاد پذیر ہوئی۔ جس میں منہاج القرآن کے احباب کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شامل ہوئے۔

میلاد کانفرنس میں کویت کے طول و عرض سے تشریف لائے ہوئے مہمانانِ گرامی میں دفاع اور میڈیکل کے احباب نے بھرپور شرکت کی، علاوہ ازیں کویت میں موجود پاکستانی ایمبیسی سے فرسٹ سیکٹری فیصل مجید، میونیٹی ویلفئر اتاشی فرخ سیال، ڈائیریکٹر پاسپورٹ سیکشن عثمان نواز سمیت ایمبیسی عملہ نے بھرپور شرکت کی۔

میلاد کانفرنس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے صدر حاجی عبد الرشید نے فرمائی اور نقابت کے فرائض ناظم حلقۂ درود و نعت کونسل الحاج عبد الرؤف بھٹی اپنے ولولہ انگیز انداز اور جادوئی آواز کے ساتھ ادا کر رہے تھے۔

کویت میں موجود پاکستان کے مشہور و معروف قاری فیض رسول نے صحیفہ انقلاب کی آیات بینات کی پرسوز تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا۔ آپ نے تلاوتِ قرآنِ حکیم سے گویا ’ورتل القرآن ترتيلا‘ کا نمونہ پیش کر کے شرکاء تقریب پر سحر طاری کر دیا۔

آقا رحمت اللعالمین ﷺ کی ثناء خوانی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے صوفی تنویر احمد کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے ہمیشہ کی طرح روضۂ رسول ﷺ کو اپنے تصورات میں رکھتے ہوئے نعت کا آغاز کیا تو گویا حاضرین مدینہ میں کریم آقا ﷺ کی بلند بارگاہ میں حاضر ہیں اور کوئی عاشق اللّٰہ کے محبوب کا ذکر بلند کر رہا ہے۔

اس محفل پرانوار میں جن ثناء خوان رسول ﷺ کو عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت نصیب ہوئی ان میں محمد فیصل نقشبندی، محمد اعجاز مغل، عاقب اعجاز، شاہد منیر، محمد وسیم، صوفی عبدالمجید اور رضا علی قادری شامل ہیں۔

الحاج عبد الرؤف بھٹی صاحب نے بھی نعت پڑھ کر حاضرین کے قلوب کو آقا کریم ﷺ کے ذکر سے منور کیا۔ تمام ثناء خوان رسول ﷺ نے مل کر اور ساری محفل کو ساتھ ملا کر حبیب خدا ﷺ کی اعلیٰ شان میں ترانے پڑھے اور آقا ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں سلام پیش کیا۔

شیخ الاسلام کے شاگرد رشید علامہ عدنان احمد نے میلاد کانفرنس میں ایمان افروز خطاب کیا۔

فرسٹ سیکٹری جناب فیصل مجید نے اپنے خیالات کا اظہار ہوئے شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کی مذہبی رواداری و ہم آہنگی اور اسلام کا پرامن روشن چہرہ پوری دنیا کو پیش کرنے پر سراہا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے صدر حاجی عبد الرشید نے سب مہمانان کا تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا اور اپنے صدارتی کلمات سے نوازا۔

اس کے بعد سب نے مل کر کھڑے ہو کر دست بستہ با ادب کریم آقا ﷺ کی بارگاہ میں سلام پیش کیا اور جناب مختار احمد سعیدی نے شیخ الاسلام اور ان کے خاندان، حاضرینِ محفل اور ان کے اہل خانہ اور امت مسلمہ کی سلامتی اور عالم اسلام کے غلبہ کے لیے خصوصی دعا کی۔ عالم اسلام کے تمام مرحومین اور حاضرین محفل کے مرحومین کی بخشش و مغفرت کے لیے دعا کی۔ کویت اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔

اختتام پر حاضرینِ محفل کو پر تکلف کھانے کے پارسل دیے گئے۔

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

MQI Kuwait Organized Mehfi e Milad in Khaitan

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top