گوشۂ درود: ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کا روحانی اجتماع - دسمبر 2022

Monthly Spiritual Gathering of Gosha e Durood

مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل پر قائم گوشۂ درود کے 17 سال مکمل ہوگئے۔ ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ کے روحانی اجتماع میں گوشۂ درود میں اب تک 5 کھرب، 41 ارب، 70کروڑ، 07 لاکھ، 85 ہزار 590 مرتبہ درود پاک تاجدارِ کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہِ مقدسہ میں پیش کیا گیا۔

روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پروفیسر حافظ ساجد محمود الازہری نے کہا کہ اللہ تعالی صبر و شکر کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں متعدد مقامات پر ارشاد فرمایا ہے کہ وہ اپنے برگزیدہ اور پسندیدہ بندوں کو آزماتا ہے اور جو اس کی آزمائشوں پر پورا اترتے ہیں اور صبر و شکر کرتے ہیں انہیں وہ اپنے انعام و اکرام سے نوازتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے صحابہ کرام کو فرمایا کہ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ لہذا بطور مسلمان ہمیں چغلی، غیبت، دھوکہ دہی سے اجتناب کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شکر، اخلاق، اعمال، اور عبادات کا بنیادی جزوہے۔ صبر میں اگر اخلاص ہو تو انسان کی روح کو شفافیت ملتی ہے۔ ایک متحمل انسان ہی جزبہ تخلیق سے آراستہ ہوتا ہے۔ برداشت اور تحمل نئی امیدوں کو پروان چڑھاتی ہیں۔ برداشت معاشرتی ترقی اور رواداری کی نئی راہیں کھول دیتی ہے۔ اس وقت معاشرے کو سب سے زیادہ ضرورت صبر و تحمل اور برداشت کی ہے۔ صبر و تحمل امن و سکون اور معاشرتی ترقی کے ضامن ہیں۔

ماہانہ مجلس ختم الصلٰوۃ علی النبی ﷺ میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، جواد حامد، رحیم علی رزاق، رانا نفیس حسین قادری، اُم حبیبہ اسماعیل سمیت منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی قائدین، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج برائے خواتین کے اساتذہ، طلباء و طالبات، تحریک منہاج القرآن لاہور اور جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قاری نصیر افضل الازہری نے تلاوت کلام رحمٰن کی سعادت حاصل کی، جبکہ پروفیسر ارشد علی میاں صابری، حافظ محمد ارشد نقشبندی، محمد عمیر اظہر، علامہ صابر کمال وٹو، محی الدین قادری برادران، عاشق حسین اور عبدالصبوح نے نبی کریم ﷺ کی بارگاہِ عالیہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اسامہ مجید نے گوشۂ درود کے اذکار اور علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے اختتامی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top