منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رہنما علامہ حافظ نذیر احمد قادری کا دورۂ برطانیہ
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رہنما اور سفیرِ یورپ کے لقب سے معروف علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے برطانیہ کا دعوتی و تنظیمی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف مذہبی و سماجی پروگرامز میں شرکت کی اور خطابات کیے۔
عرس غوث اعظمؒ، نارتھ ہیمپٹن
علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل نارتھ ہیمپٹن کے زیراہتمام سیدنا غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے عرس مبارک کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے تعلیمات غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روشنی میں زندگی گزارنے کے خوبصورت اصول بیان کیے اور اہل اللہ کی مجالس میں شرکت کے روحانی اور ظاہری فوائد سے آگاہ کیا اور بیمار دلوں کی صحت یابی کے روحانی طریقوں کی طرف توجہ دلائی۔ پروگرام میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت عمر محی الدین نے حاصل کی اور فیصل قادری نے بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
جمعہ کے اجتماع سے خطاب
علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے نارتھ ہیمپٹن جمعہ کے اجتماع سے عربی میں خطاب کیا اور نمازِ جمعہ کی امامت کی۔ بعد ازاں خصوصی دعا کی اور شرکاء سے ملاقات کی۔
منہاج القرآن یوتھ لیگ برمنگھم کی تربیتی نشست
علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے منہاج القرآن یوتھ لیگ برمنگھم کی شب بیداری کی نشست میں شرکت کی اور نوجوانوں کی روحانی تربیت کو قرآن و حدیث اور صوفیائے کرام کے اقوال کی روشنی میں بڑے ہی خوبصورت انداز میں بیان کیا۔ اخلاص اور تقویٰ پر زور دیتے ہوئے روحانی ترقی کے منہاج کا وہ طریقہ بیان کیا جو صوفیا اکرام نے اپنی کتابوں میں درج کیا ہے۔ آپ کے خطاب کا خلاصہ شیخ بلال حسین نے انگلش میں بیان کیا۔ پروگرام میں نوجوان سکالر شیخ قاسم فرید نے بھی شرکت کی۔
منہاج القرآن ڈربی کی تنظیمی نشست
علامہ حافظ نذیر احمد قادری نے منہاج القرآن ڈربی کی تنظیمی نشست میں شرکت کی۔ نشست کا اہتمام منہاج القرآن مڈلینڈ ذون کے جنرل سکریٹری غلام مرتضیٰ نے کیا تھا۔ اپنے خطاب میں علامہ نذیر احمد قادری نے کردار کی پاکیزگی کے روحانی مدارج سے آگاہ کرتے ہوئے فرمایا کہ تحریکی دعوت کے لیے کردار سازی کی اہمیت بہت ضروری ہے۔ ادراک کا طریقہ عشق الہیٰ کے وہ جام ہیں جو اہل اللہ پی کر میدان عمل میں اترے۔
بعد ازاں ڈربی تنظیم کی طرف سے ایک خوبصورت ریسٹورنٹ میں ڈنر کا اہتمام کیا گیا ۔ڈنر کے دوران تقریبا ایک گھنٹہ سے زیادہ علامہ حافظ نذیر احمد نے احوالِ صوفیاء کے موضوع پر خوبصورت گفتگو کی۔
(رپورٹ: فیاض مغل)
تبصرہ