آل نیبرز انٹرنیشنل یو ایس اے کے وفد کی منہاج القرآن سیکرٹریٹ آمد

نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، سہیل احمد رضا و دیگر قائدین نے استقبال کیا
مرکزی سیکرٹریٹ میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا وفد نے منہاج القرآن کی امن کوششوں کو سراہا

All Neighbors International USA delegation visits minhaj ul quran secretariat

لاہور (29 دسمبر 2022) منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کی دعوت پر آل نیبرز انٹرنیشنل یو ایس اے کے وفد نے سربراہ ریورنڈ جونز کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ وفد کو مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، طیب ضیاء و دیگر نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وفد کے ہمراہ کرسمس اور ہیپی نیو ائیر کا کیک کاٹا گیا اور امن عالم کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ دعا انجینئر محمد رفیق نجم نے کروائی۔

بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل بین المذاہب رواداری، عالمی امن، تعلیم کے فروغ اور فلاح عامہ کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں کام کررہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی امن اور بین الاقوامی بھائی چارہ کیلئے اسلام کی حقیقی تعلیمات اجاگر کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا منہاج القرآن انٹرنیشنل نے چارٹر یونیورسٹی، 10 کالجز کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں 700 سکولوں کا نیٹ ورک قائم کیا جہاں لاکھوں بچے ماڈرن ایجوکیشن حاصل کررہے ہیں۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا نے کہا کہ کرسمس امن، محبت اور ہم آہنگی کا تہوار ہے، آج ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ دین اسلام رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔

ریورنڈ جونز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن فروغ علم و امن کیلئے ایک مؤثر تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری بین المذاہب رواداری کے فروغ کی ایک مضبوط آواز ہیں۔

کوآرڈینیٹر الیاس مسیح گل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی منہاج القرآن آتے ہیں تو یہاں بہت عزت ملتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری ایک قابل قدر علمی و تحقیقی شخصیت ہیں۔

مس جینیفر نے منہاج القرآن آمد اور شاندار استقبال پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔ یہاں کے کھانوں اور ثقافت نے بہت متاثر کیا۔

وفد میں مسٹر پیٹر، ریورنڈ جیکب، مسٹر قاسمی، سسٹر میری، سسٹر میگدلینی، مس ٹریسا، مس ہنزلے، مسٹر جیکسن، مسٹر جوزف شریک تھے۔ اس موقع پر سردار عمر دراز خان، سید محمود الحسن جعفری بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top