امن ہر انسان کی اولین ضرورت ہے: علامہ رانا محمد ادریس

علماء کرام انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں
امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل وحدت ویگانگت میں ہے
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Rana Muhammad Idrees addressing friday gathering

لاہور (30 دسمبر2022ء)نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ امن ہر انسان کی اولین ضرورت ہے۔ اسلام محبت اور عدم تشدد کا دین ہے۔ دین اسلام تمام اقوام اور معاشروں کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ انسانوں کے درمیان نفرت کا زہر پھیلانے والے انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ اس زہر کو علماء کرام ہی ختم کرسکتے ہیں۔ دہشت گردی کی بنیاد انتہا پسندی ہے فرقہ وارانہ دہشت گردی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ علمائے کرام نے ہمیشہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اب بھی علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں تاکہ پاکستان سمیت پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔ اتحاد امت کے فروغ کیلئے بھی علماء کرام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل وحدت ویگانگت میں ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عالم اسلام کے استحکام کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک بہترین مسلمان وہ ہے جو تمام انسانیت کے لئے پیکر امن و سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن و آشتی اور صلح و سلامتی کا مذہب ہے۔ دین اسلام نے انسانی زندگی کو اتنی اہمیت دی ہے کہ ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ صبر و برداشت، عفودرگزر اور رواداری سے عبارت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top