پانچ روزہ انٹرنیشنل کتاب میلہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں
17واں بین الاقوامی پانچ روزہ کتب میلہ ”انٹرنیشنل بک فئیر“ کا انعقاد ایکسپو سینٹر کی پرشکوہ عمارت میں ہوا۔ پانچ روزہ عالمی کتاب میلہ دن دس بجے سے رات دس بجے تک کراچی ایکسپو سنٹربلا کسی وقفہ کے جاری رہا۔ انٹرنیشنل کتاب میلہ پاکستان کے اڑھائی سو سے زائد پبلشرز کے علاوہ دیگر ممالک کے پچاس سے زائد پبلشرز کی مختلف موضوعات پر کتب موجود تھیں۔ کتاب میلہ کی سب سے خاص بات منہاج پبلی کیشنز اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کے اشتراک سے بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف کا اسٹال تھا۔ منہاج پبلی کشنز کا اسٹال اپنی انفرادیت کے اعتبار سے سب سے زیادہ ممتاز اور لوگوں کی توجہ کا باعث اس لیے تھا کہ اس ایک اسٹال پر سینکڑوں کتب ایک ہی شخصیت کی تصنیف کردہ تھی۔ لوگوں کی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف میں خصوصی دلچسپی قابل دید تھی۔ سیرت النبی ﷺ، اہل بیت اطہار علیہم السلام کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف کی عالمی کتب میلہ میں بہت مانگ رہی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بچوں کی تربیت کے حوالے سے تصانیف میں خواتین کی دلچسپی قابل دید تھی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تصانیف کا اسٹال بھی عالمی کتب میلہ میں موجود تھا۔
مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین، مفتی ارشاد حسین سعیدی، کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک سندھ سید ظفر اقبال شاہ، مرکزی زونل ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ فوزیہ جنید، ناظم تحریک منہاج القرآن کراچی مرزا جنید علی، طارق محمود بھٹی، ایم کیون ایم کے رہنماؤں حیدر عباس رضوی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنماؤں محمد حسین محنتی، حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، علامہ مفتی محمد سجاد مقدری دار الافتاء امام ابو یوسف، حضرت علامہ سیف اللّٰہ مدنی، ماہر تعلیم پروفیسر خیال آفاقی، معروف مذہبی اسکالر علامہ کوکب نورانی، عامر خواجہ (صدر پاکستان یوکے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، سینئر اینکر شاہزیب خانزادہ، علامہ محمود الحسینی (جمعیت علمائے اسلام)، پروفیسر ڈاکٹر عبدش شہید نعمانی، غازی صلاح الدین، معروف مصنف کرن صدیقی، محمد آصف، صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر صدر جمعیت علمائے پاکستان، عمیر محمود صدیقی ممبر اسلامی نظریاتی کونسل، ماہر تعلیم زرین غنی ویگر نے منہاج پبلی کیشنز کے اسٹال کا وزٹ کیا۔
منہاج القرآن کے رہنماؤں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف کا تحفہ دیا۔ سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام کے سینکڑوں موضوعات پر علمی، تحقیقی و اجتہادی کام کیا ہے۔ رہنماؤں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی صحت وسلامتی کے لئے دعا کی۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ کتاب آج بھی تمام ذرائع حصول علم میں سر فہرست ہے۔ تہذیب انسانی کا کوئی دور ایسا نہیں گزرا جو کتاب سے تہی دامن رہا ہو اور فکر کتاب سے آزاد ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کتابوں کا مطالعہ دل کو زندہ اور بیدار رکھنے کے لئے ضروری ہے۔ کتاب ایک ایسا سرمایہ ہے جس نے انسانی ترقی کے تمام ادوار ماضی، حال اور مستقبل کو مربوط رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک دوسرے سے متعارف کرانے کا شاندار فریضہ بھی انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلے کا انعقاد خوش آئند ہے ایسے کتب میلوں کا انعقاد ملک کے دوسرے شہروں میں بھی ہونا چاہیے۔
تبصرہ