ایمان کی عمارت عقیدہ ختم نبوت کے ستون پر کھڑی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

عقیدہ ختم نبوت پرامت مسلمہ میں کوئی اختلاف نہیں: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
منہاج القرآن عشق رسول ﷺ کی تحریک ہے: تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس سے خطاب

Dr Hassan Qadri addressing Khatam e Nabuwwat Conference in Muzaffargarh

لاہور (5 فروری 2023) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ختم نبوت ﷺ دین اسلام کا وہ بنیادی اور اہم عقیدہ ہے جس پر پورے دین کا انحصار ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ ہے تو پورا دین محفوظ ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ نہیں تو دین محفوظ نہیں۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے سب سے آخری نبی اور رسول ﷺ ہیں۔ اللہ کریم نے حضور نبی اکرم ﷺ کو اس جہان میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔ آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی معبوث نہیں ہوگا۔ عقیدہ ختم نبوت امت مسلمہ کا وہ اجتماعی عقیدہ ہے جس پر کسی کا اختلاف نہیں۔ تاجدار کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کی شان ختم نبوت کو مزید اجاگر کرنے کے لئے اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں جہاں اپنا ذکر فرمایا وہاں اپنے حبیب حضرت محمد مصطفی ﷺ کا ذکر بھی کیا۔ باطل کا ہر دور چاہے ماضی کا ہو یا حال کا مکر و فریب اور ساز باز کے اعتبار سے ہمیشہ ایک سا ہی رہا ہے۔ طریقہ واردات اور انداز میں فرق ہوتا ہے آج کا باطل بھی امت مسلمہ کو عقلی، لغوی اور لفظی بحثوں میں الجھا کر عقیدہ ختم نبوت سے دور ہٹانا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں ”تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں معروف مذہبی و روحانی، علمی و سیاسی شخصیات اور تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ہدایت انسانی کیلئے سلسلۂ نبوت کا آغاز سیدنا آدم علیہ سلام سے ہوا اور حضرت محمد مصطفی ﷺ پر اختتام پذیر ہوا۔ یہی وہ عقیدہ ختم نبوت ہے جس پر دین اسلام کی عظیم الشان عمارت استوار ہے۔ تحریک منہاج القرآن تحفظ ناموس رسالت اور عشق رسول ﷺ کی تحریک ہے۔ ہمیں اپنے عقیدے اور ایمان کی حفاظت کرنا ہوگی۔ اپنی زندگیاں حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت، نسبت، اطاعت اور غلامی میں بسر کریں، آنے والی نسلوں کو بھی یہی تعلیم دیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء نے حضور نبی اکرم ﷺ کی آمد کی بشارت دی ہے، تمام انبیاء حضور نبی اکرم ﷺ کے مبشر ہیں لیکن خاتم النبین حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنے بعد کسی نبی کے آنے کی بشارت نہیں دی۔ نبی اکرم سلسلہ نبوت کی تکمیل کرنے والے اور خاتم النبین ہیں۔

تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری، صدر پاکستان عوامی تحریک میاں نور احمد سہو، افتخار قریشی ایڈووکیٹ، راشد مصطفوی، راؤمحمد عارف رضوی، مفتی عبدالمجید فیضی، نشاط احمد باجوہ ایڈووکیٹ، شیخ حبیب الرحمن ایڈووکیٹ، حامد محمود آرائیں، نیاز خان، ریاض خان سہرانی، مہر احمد سیال، عمر حیات، ملک شہزاد اعوان، ڈاکٹر رضوان، ملک سلمان اعوان، علامہ اسحاق ساقی، راؤ صغیر احمد، غلام حبیب الرحمن، شعیب بزمی، عمرحیات سمیت رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top