مظفر گڑھ: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا ”تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس“ سے خطاب
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مظفر گڑھ میں ”تاجدارِ ختم نبوت ﷺ کانفرنس“ میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہر نبی کو کوئی نہ کوئی معجزہ اور خاصیت عطاء کی جس کے ذریعے وہ اپنی قوموں کو اللہ کی توحید کا پیغام پہنچاتے رہے، ایمان ان کے قلوب و اذہان میں منتقل کرتے رہے اور ان کی رشد و ہدایت کا ساماں کرتے رہے۔ تمام انبیاء اللہ کی عطاء کردہ شانوں کے ساتھ آتے رہے اور انسانیت کی رشد و ہدایت کا کام کرتے رہے۔ مگر جب انسانیت اپنے مراحل سے گزرتے ہوئے بلوغت تک پہنچی اور شعورِ انسانی اپنے جوبن اور کمال کو پہنچا تو اللہ رب العزت نے اس وقت نبی آخر الزمان، خاتم النبیین تاجدارِ کائنات حضرت محمد ﷺ کو دنیا میں بھیجا۔
انہوں نے کہا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ کی شانِ ختم نبوت کو مزید اجاگر کرنے کے لیے اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں جہاں اپنا ذکر فرمایا، ساتھ ہی اپنے حبیب ﷺ کا ذکر کیا۔ باطل کا ہر دور چاہے ماضی کا ہو یا حال کا مکر و فریب اور ساز باز کے اعتبار سے ایک سا رہا ہے، صرف طریقہ واردات اور انداز میں فرق ہوتا ہے، آج کا باطل بھی امت مسلمہ کو عقلی، لغوی اور لفظی بحثوں اور موشگافیوں میں الجھا کر اس عقیدہ سے دور ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہدایتِ انسانی کے لیے سلسلۂ نبوت کا آغاز سیدنا آدم صفی اللہؑ سے ہوا اور حضرت محمد مصطفیﷺ پر اختتام پذیر ہوا۔ یہی وہ عقییدۂ ختم نبوت ہے جس کی بنیاد پر دینِ اسلام کی عظیم الشان عمارت استوار ہے۔ تحریک منہاج القرآن تحفظِ ناموسِ رسالت اور عشقِ رسول ﷺ کی تحریک ہے۔ ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ اپنے عقیدے اور ایمان کی حفاظر کریں، اپنی زندگیاں آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت، نسبت، اطاعت اور غلامی میں بسر کریں اور اپنی آنے والی نسلوں کو یہی تعلیم دیں۔
کانفرنس میں علماء و مشائخ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، عوام الناس اور تحریک منہاج القرآن کے ذمہ داران و کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ کانفرنس میں پہنچنے پر چیئرمین سپریم کونسل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
کانفرس میں نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب سردار شاکر خان مزاری، میاں نور احمد سہو، صدر پی اے ٹی جنوبی پنجاب، افتخار قریشی ایڈووکیٹ، راشد مصطفوی، راؤ محمد عارف رضوی، مفتی عبدالمجید فیضی، نشاط احمد باجوہ ایڈووکیٹ، شیخ حبیب الرحمن ایڈووکیٹ، حامد محمود آرائیں، نیاز خان پتافی، ریاض خان سہرانی، مہر اعظم سیال، باجی حفصہ حبیب، عمر حیات، ملک شہزاد اعوان، ڈاکٹر رمضان، ملک سلیمان اعوان، علامہ اسحاق ساقی، راؤ صغیر احمد، غلام مصطفیٰ سعیدی، شیخ حبیب الرحمن، شعیب بزمی، عمر حیات سمیت تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ