منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ”والنٹئیرز کنونشن“ کا انعقاد

ہزاروں رضا کار مستقل طور پر سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف عمل ہیں: انجینئر رفیق نجم
متاثرین سیلاب کی دوبارہ مکمل آبادکاری تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی: اشتیاق حنیف مغل
کنونشن سے عائشہ مبشر، عمران یونس و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا،رضاکاروں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں

Event in Lahore to encourage volunteers actively participating in flood relief

لاہور (8 فروری 2023) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے مخیر حضرات اور متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ”والنٹئیرز کنونشن“ کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم، ڈپٹی ڈائریکٹر تنظیمات منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اشتیاق حنیف مغل، ناظمہ شعبہ جات منہاج القرآن ویمن لیگ عائشہ مبشر، سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ عمران یونس سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پربلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب، شمالی علاقہ جات سمیت پورے ملک میں بلاتفریق متاثرین سیلاب کی مدد کر رہی ہے، لوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں بارشوں اور سیلاب سے زمینیں ڈوب گئی تھیں مویشی ہلاک ہو گئے تھے اور گھروں میں پانی بھر گیا تھا۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان متاثرہ ہم وطنوں کو ان علاقوں میں تیار کھانا فراہم کر رہے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ اور خیمہ بستیاں آباد ہیں، جہاں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار شب وروز خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضا کار مستقل طور پر سیلاب متاثرین کی مدد اور ریلیف کے آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عہدیداران و رضاکاران خدمت خلق کے جذبے سے سرشا ر اب تک میدان عمل میں ہیں۔ پورے پاکستان میں جس طرح منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار کام کررہے ہیں وہ جذبہ لائق تحسین ہے۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی رہنما اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی، صوبائی رہنما و رضا کار تمام متاثرہ علاقوں میں خود متاثرین سیلاب کے پاس گئے، ان کی دل جوئی اور مدد کرتے نظر آئے۔ پہلے دن سے لے کر اب تک متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ سمیت راشن اور دیگر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ متاثرین کو گھر تعمیر کرکے چابیاں ان کے حوالے کررہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے اپنی جانوں پر کھیل کر متاثرین کو ریسکیو کیا ہے۔

متاثرین سیلاب کی مدد اور ہمارا ریلیف آپریشن آج بھی جاری ہے اور ایک ایک متاثرہ شخص کی دوبارہ مکمل آبادکاری تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین رضاکاروں کی خدمات و جوش و جذبے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے عائشہ مبشر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

Event in Lahore to encourage volunteers actively participating in flood relief

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top