منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے روجھان کے متاثرین سیلاب میں گھروں کی چابیوں کی تقسیم
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی روجھان کے متاثرین سیلاب کے لیے تعمیر کئے گئے گھروں کی چابیوں کی حوالگی کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ تاجدارِ کائنات ﷺ نے ریاست مدینہ میں مواخات مدینہ کا درس دے کر رہتی دنیا تک کے حکمرانوں کے لیے مثال قائم کر دی کہ معاشرے سے غربت و تنگ دستی کا خاتمہ کیونکر ممکن ہے۔ مواخات کے طرز عمل نے مسلم معاشرے کو خود کفالت اور معاشی استحکام کی مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔
انہوں نےکہا کہ منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے شانہ بشانہ پہلے دن سے متاثرین سیلاب کی مدد میں پیش پیش ہیں، دکھ اور تکلیف کی گھڑی میں انہوں نے اپنے متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی۔ سیلاب متاثرین کی بحالی میں اب تعمیر کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے سینکڑوں متاثرین کو چھت مہیا کرے گی۔ آج کی اس تقریب میں میں ان تمام مخیر حضرات کا بھی شکر گزار ہوں کہ جن کی کاوشوں سے ان کے بھائیوں کو رہنے کی چھت میسر آرہی ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے تحصیل روجھان کی بستی جام منگل، جام رضو اور بستی خیر محمد میں گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرین احمد علی، محمد اسماعیل، اللہ ودھایا اور ان کے اہل خانہ کے حوالے کیں۔
تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر خان مزاری، راجہ زاہد محمود، نور احمد سہو، انجینئر ثناء اللہ، راشد مصطفوی، قاضی فیض الاسلام، میاں رحمان اکرم، یعقوب عابدی سمیت تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان شریک ہوئے۔
تبصرہ