اسلام آباد: منہاج القرآن کے زیراہتمام شیخ الاسلام سیمینار بسلسلہ قائد ڈے 2023
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز کے زیراہتمام منعقدہ ’’شیخ الاسلام سیمینار بسلسلہ قائد ڈے‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اللہ پاک کی توفیق سے اپنے محبوب قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 72 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ آج شیخ الاسلام کے یومِ ولادت کی تقریبات منعقد کرتے ہوئے جہاں ہم اللہ کی بارگاہ میں شکر بجا لا رہے ہیں وہاں یہ دن ہم سے کچھ تقاضا بھی کر رہا ہے اور وہ تقاضا خدا کے انٹرسٹ کو اپنانے میں ہے۔ وہ تقاضا آج کے دور کے مطابق ولایت کی قیمت ادا کرنا ہے۔ جو شخص قائد سے محبت کرتا ہے، قائد کے فلسفے اور ایجنڈے سے محبت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ ہمارا قائد اللہ کا مقرب بندہ ہے، اس کا دوست ہے تو پھر ان کی راہ کو اپنائے۔ یہ سفر جیسے انہوں نے طے کیا ہے اسی نقشِ قدم پر چلتے جائیں۔ وہ نقشِ قدم اور راستہ مخلوق کا درد اور مخلوق کی خدمت ہے۔ وہ نقشِ قدم تجدیدِ دین اور احیائے اسلام کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ خواب، وہ نعرہ، وہ فلسفہ، وہ نظریہ، وہ ایجنڈا جس نے ہمارے قائد کو بے قرار کر رکھا ہے، اس کی تکمیل تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کیا جائے۔ آج ہمیں اپنے قائد سے وعدہ کرنا ہے اور یہ عزمِ مصمم کرنا ہے کہ ہم اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے اور اپنی زندگی کا ہر لمحہ اس مقصد کے لیے وقف کر دیں گے۔ صرف عزمِ پختہ ہو جائے، یقین کامل ہو جائے تو راہیں آسان ہو جاتی ہیں۔
سردار عتیق احمد خان سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر، معروف تجزیہ نگار مظہر برلاس، ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین چیف ریسرچ آفیسر اسلامی نظریاتی کونسل، راجہ علیم خان عباسی وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شمالی پنجاب انجینئر محمد رفیق نجم، سردار عمر دراز، میر اشتیاق احمد ایڈووکیٹ، ابرار رضا ایڈووکیٹ، نصیر احمد اعوان، رانا وحید شہزاد، اُم حبیبہ اسماعیل، حدیقہ بتول، ارشاد اقبال، مجاہد مصطفیٰ، سید بلال حسن، سید انجم شاہ بخاری، مسز نصرت امین اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔
تبصرہ