کینیڈا: شیخ حماد مصطفی المدنی القادری کا معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
17 فروری بروز جمعہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کی ایگزیکٹو باڈی نے شب معراج اور معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے ایک کانفرنس کا اہتمام کیا۔ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفی العربی القادری کے ہمراہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری شفیق احمد نعیمی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس کے بعد عبد اللہ شیخ، خواجہ انجم اور شکیل احمد قادری نے آقا کریم ﷺ کی بارگاہِ عالیہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے کہا کہ معجزۂ معراج اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کا اس کے برگزیدہ نبی ﷺ کے دستِ مبارک پر اِظہار ہے، تاکہ وہ اپنی اُمت اور اہلِ زمانہ کو اُس کی مِثل لانے سے عاجز کر دے۔ معجزۂ معراج تاریخِ ارتقائے نسلِ انسانی کا وہ سنگِ میل ہے جسے قصر ایمان کا بنیا؎دی پتھر بنائے بغیر تاریخِ بندگی مکمل نہیں ہوتی اور روح کی تشنگی کا مداوا نہیں ہوتا۔
آقا علیہ الصلوۃ و السلام کا معراج ماورائے عرش تھا مگر آقا نے مومنین کے لیے فرمایا کہ نماز مومن کی معراج ہے، اللہ رب العزت نے شبِ معراج تاجدار کائنات ﷺ کو نماز کا تحفہ عطاء کیا۔ اللہ رب العزت ہمیں اس تحفہ کی حفاظت کرنے اور اس پر کاربند رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔
کانفرنس میں مفتی سہیل احمد صدیقی، شیخ احمد اعوان، ہاشم علی قادری، حسنین حمید، کامران رشید اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تبصرہ