مانسہرہ: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ’’رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ سے خطاب
تحریک منہاج القرآن مانسہرہ کے زیراہتمام ٹاؤن شپ گراؤنڈ مانسہرہ میں منعقدہ ’’رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ سے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ’’اختیارات مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے اپنے محبوب حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کو پیدا فرماکر انہیں ان اختیارات سے سرفراز کیا جو ان سے قبل کسی کو عطاء نہ کئے تھے۔ اللہ رب العزت نے تاجدارِ کائنات کو تشریحی، تشعیری اور تکوینی تصرفات عطا کرکے تمام جہانوں کا مالک و مختار بنایا۔ حضور سیدنا رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ بابرکات سے ہمارے ایمان کا مرکز و محور ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام یہی ہے کہ حضور ﷺ سے وارفتہ عشق کیا جائے اور ہر حال میں حضورﷺ کو اپنا والی اور اپنے آپ کو حضورﷺ کا مِلک جانا جائے۔ یہی عقیدہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، اہلبیت اطہار علیہم السلام اور سلف الصالحین کا تھا اور یہی اصل عقیدہ ہے۔
انہوں نے کہا آج کا سبق یہ ہے کہ حضورﷺ حقیقی حاجت روا ہیں، آج پاکستان ان گئے گزرے حالات سے اس لئے دوچار ہے کہ ہم نے حضور ﷺ کی غلامی سے دستبرداری کرلی ہے، ہم نے ممبر و محراب میں آقا علیہ السلام کی بااختیار ذات پر سوال اٹھائے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تاجدارِ کائنات ﷺ کی سچی غلامی کو اپنایا جائے، آپﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل کیا جائے، اپنے اعمال، احوال اور اخلاق سنواریں، لوگوں میں بھلائی بانٹنے اور ان کے دکھ درد دور کرنےوالے بن جائیں۔ اپنے شہروں کی حفاظت کریں درخت لگائیں اور اپنے ماحول کو سرسبز بنائیں۔
انہوں نے کہا گزشتہ 42 سال میں شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذریعے حضور تاجدار کائنات ﷺ کی محبت، عشق اور آپﷺ سے جو عقیدہ رکھنا چاہیئے اس عقیدہ کی تعلیم دی، آپ بھی اس قافلۂ عشق و محبت رسول ﷺ کا حصہ بنیں اور اس معاشرے کو ایک حقیقی مصطفوی معاشرہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
آخر میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کانفرنس کے عظیم الشان انعقاد پر تحریک منہاج القرآن ہزارہ زون کے جملہ ذمہ داران کو مُبارکباد دی۔
کانفرنس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، پیر سید جنید الحق آستانہ عالیہ گولڑہ شریف، پیر سید لعل حسین شاہ آستانہ عالیہ دھمن شریف، پیر سید محبوب شاہ آستانہ عالیہ چھڑی شریف، پیر سید صفدر علی رضا شاہ گھرالی بھٹہ شریف، صاحبزادہ پیر سید مشتاق علی خان سہروری، پروفیسر جاوید القادری، ڈاکٹر عمران یونس، شیخ فرحان عزیز، نصیر خان جدون، امان اللہ خان جدون، مظہر حسین خیال، خضر حیات خان، امجد خان، شاہد عباسی، سید اختر حسین شاہ، خواجہ جاوید احمد، عبدالحمید اعوان، احسن شریف، عامر شہزاد، سردار جاوید محمد، غلام شبیر، سید معراج علی شاہ، سید عظمت شاہ، سید جعفر شاہ، خورشید انور قریشی، سید عامر حسین شاہ، طارق محمود، ڈاکٹر جہانگیر عباسی، سید ظہیر شاہ، ملک ممتاز، علماء و مشائخ، سیاسی، سماجی، صحافی برادری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات منہاج القرآن کے مرکزی و مقامی قائدین اور کارکنان علاوہ عوام الناس (مرد و خواتین) کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا پرجوش استقبال
تبصرہ