میثاق مدینہ انسانیت کیلئے کامل سیاسی دستورہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 11 مارچ 2023ء

فرانس میں ریاست مدینہ کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب
تقریب میں بلال اپل، علامہ حسن میر قادری، بابر حسین، فیض عالم قادری کا اظہار خیال

Seminar on the topic Dastoor e Madina in Farance

لاہور(11 مارچ 2023) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین اور عالم اسلام میں دستور مدینہ کے موضوع پر واحد پی ایچ ڈی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرانس کے شہر ”اکورینیو“ میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹر میں ریاست مدینہ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے زندگی کے ہر شعبہ کے لئے راہنمااصول دئیے۔ میثاق مدینہ ایک ایسا سیاسی،انتظامی ماڈل ہے جو آج بھی متحدہ وفاقی، جمہوری اکائیوں کو باہم لیکر چلنے کے تمام دستوری تقاضے پورے کرتا ہے۔ دستور مدینہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد نظام ہے جس نے جدید سیاسی، جمہوری معاشرے کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دستورِ مدینہ انسانیت کے لیے ایک کامل دستور حیات ہے جس کی فکری بنیاد امن بقائے باہمی اور حقوق انسانی کے احترام پر قائم کی گئی۔ تاحال دنیا کا کوئی جدید دستور ریاست مدینہ میں متعین کیے گئے سیاسی،ثقافتی،اقتصادی، مذہبی اور اخلاقی اصولوں سے باہر نہیں جا سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دستور مدینہ کا یہ امتیاز ہے کہ اس دستور پر مختلف نظریات اور خیالات رکھنے والے طبقات نے اسے قبول کیا۔ میثاق مدینہ انسانی بقاء، خوشحالی کا ضامن ہے۔ آئین مدینہ کے آرٹیکلز کے مطالعہ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ دستورِ مدینہ عصرِ جدیدکی کسی بھی متحدہ وفاقی جمہوری ریاست کو متحد و یکجا رکھنے کی دستوری قوت رکھتا ہے۔

کانفرنس میں فرانس میں مقیم مختلف طبقہ ہائے فکر اور کاروباری نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں بلال اپل، علامہ حسن میر قادری، بابر حسین، فیض عالم قادری نے اظہار خیال کیا۔ تقریب میں طاہر عباس گورائیہ، محمد شفیق اعوان، مہر اعظم، راج محمد فیصل، محمد راشد، قاضی منعم، ارشد مہر، راجہ طارق حسین و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top