نظام المدارس پاکستان کی ویب سائٹ اور سی ایم ایس سسٹم کا افتتاح

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے افتتاح کیا
افتتاحی تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، عین الحق بغدادی کی شرکت

Inauguration of Nizam al Madaris Pakistan website and CMS system

لاہور(10 اپریل 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نظام المدارس پاکستان کی ویب سائٹ اور سی ایم ایس سسٹم کی تکمیل پر افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ پونے تین سو سال پرانے مذہبی نصاب کی تشکیل نو اور اس کا نفاذ نظام المدارس پاکستان کا ایک بہت بڑا اعزاز اور قومی و دینی خدمت ہے۔ مدارس دینیہ کوتعلیم و ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے تمام ماڈرن تدریسی ٹیکنیکس بروئے کار لانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نظام المدارس پاکستان عصری تقاضوں کے مطابق اپنا تدریسی کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر معاشی مسائل کے باوجود مدارس دینیہ کی دینی و تعلیمی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے ویب سائٹ اور سی ایم ایس سسٹم قائم کرنے پر نظام المدارس پاکستان کے صدر مفتی امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ میر آصف اکبر، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر نظام المدارس کے ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے ویب سائٹ اور سی ایم ایس سسٹم پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان نے مختصر وقت میں امتحانی و تدریسی نظام کو سنٹرلائزڈ کر دیا ہے اور آن لائن امتحانی مانیٹرنگ کا کامیاب تجربہ بھی کیا ہے۔ لاہور میں بیٹھ کر ملک بھر میں قائم امتحانی سنٹرز کی آن لائن مانیٹرنگ کی گئی۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مدارس دینیہ کو قومی دھارے میں لائے بغیر تعمیرو ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت درسی کتب میں استعمال ہونے والے کاغذ پر سبسڈی دے تاکہ ہر طالب علم سستی اور معیاری تعلیم حاصل کر سکے، مہنگا کاغذ اور مہنگی درسی کتب کی وجہ سے فروغ تعلیم کے اہداف حاصل نہیں ہو پا رہے۔

نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارس دینیہ کے حوالے سے ریاست پاکستان نے جو اصلاحاتی پروگرام شروع کیا تھا ہمیں خوشی ہے کہ وہ کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کی پالیسی کے تحت نظام المدارس کا ہر مدرسہ ریاست کے پاس رجسٹرڈ ہے اور اکاؤنٹس کی تمام تفصیلات ایس او پی کے مطابق فراہم کررہے ہیں۔ مدارس دینیہ کے 100 فیصد نتائج کے لئے ریاست پاکستان کو سرپرستی جاری رکھنا ہو گی۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی تقریب میں نظام المدارس پاکستان کے صدر علامہ امداد اللہ قادری، اشتیاق چشتی، شفاقت اللہ قادری، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، انجینئر رفیق نجم، راجہ زاہد محمود، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، رانا نفیس حسین قادری، ڈائریکٹر آغوش کرنل ر مبشر اقبال، جی ایم ملک، مظہر محمود علوی، ، سید امجد علی شاہ، انجینئر ثناء اللہ خان، شہزاد خان، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، نوراللہ صدیقی، سردار عمر دراز خان، فرحان خان، شہزاد خان نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top