حضرت فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادریؒ کا 50واں سالانہ عرس مبارک، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا خصوصی خطاب
حضرت فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کے 50ویں عرس مبارک کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ رب العزت اپنے صالح بندوں کیلئے صالح اسباب پیدا فرماتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرتِ فرید ملت رحمہ اللّٰہ نے اپنے جگر گوشہ کی تربیت کچھ اس انداز میں فرمائی کہ وہ ’’الولد سرٌ لابیہ‘‘ کا مصداق ہیں۔ حضرتِ فرید ملت قدس سرہٗ العزیز کی عظمت کے اعتراف کیلئے اتنا کافی ہے کہ جن کے فیضانِ علم و تربیت نے عالمِ اسلام کو شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کی صورت میں ایک گوہر نایاب دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے پس منظر میں حضرت فرید ملتؒ کی محنت، خواہش اور علمی و روحانی فیوض و برکات پوری طرح شامل ہیں۔ حضرت فرید ملتؒ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا اِس سے بہتر اور مؤثر دوسرا کوئی طریقہ نہیں کہ خونِ دل دے کر اِس پودے کو سینچیں جس کی آبیاری خود انہوں نے خونِ جگر سی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فرید ملتؒ مفاد پرستیوں، خود غرضیوں اور نفسا نفسی سے اَٹے ہوئے ماحول میں خلقِ خدا کی بے لوث خدمت کو شعار بنائے رکھا۔ حضرت فرید ملت فلاحِ انسانیت کے بہت بڑے علمبردار تھے۔ عالم، فاضل، محقق، مدقق اور مفکر سبھی کچھ تھے۔ مگر اِن کی ذات اور شخصیت کا سب سے زیادہ ششدر اور حیران کر دینے والا پہلو یہ ہے کہ وہ شعور مقصدیت سے کاملاً آگاہ تھے۔ حضرت فریدِ ملتؒ نے زندگی کو زندوں کی طرح گزارا اور جب اِس دنیائے فانی سے رُخصت ہوئے تو اُمتِ مسلمہ کو ایک ایسا مسیحا دے گئے جو ایک جہاں کو زندہ کر رہا ہے۔ حضرت فرید ملتؒ نے اپنی زندگی کا ماحصل ایک شخصیت کی صورت میں ہمیں دیا اور اپنے جگر گوشہ کی تربیت کچھ اِس انداز سے فرمائی کہ اب وہ ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک فکر، ایک تاریخ اور ایک تحریک ہے۔ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے والد گرامی حضرتِ فرید ملت رحمہ اللّٰہ کے علم و فن کو پائندگی دے رہے ہیں اور آپ کو دیکھ کر آج کاعلمی طبقہ حضرتِ فرید ملت رحمہ اللّٰہ کی علمی غزارت کو تسلیم کر رہا ہے۔
عُرس مُبارک کی تقریب میں راجہ زاہد محمود، انجینئر محمد رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس قادری، محمد جواد حامد، مظہر محمود علوی، چودھری عرفان یوسف، شیخ فرحان عزیز، علی عمران، فیاض اعوان، اقبال مصطفوی، شاہد مرسلین، علامہ غلام ربانی تیمور، علامہ رانا محمد ادریس قادری، علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، علامہ جمیل احمد زاہد قادری، شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق، حافظ غلام فرید، عبدالرحمن ملک، بابر حسین چودھری، حفیظ اللہ جاوید سمیت تحریک منہاج القران کے مرکزی، صوبائی، ضلعی قائدین و کارکنان اور ارادت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں ایڈمنسٹریٹر دربار فریدِ ملت صاحبزادہ محمد صبغت اللہ قادری، صاحبزادہ سلمان قمر قادری آستانہ عالیہ ماہنی شریف، علامہ حافظ عبدالقدیر قادری، صاحبزادہ محمد طاہر قادری سمیت علماء و مشائخ شریک ہوئے۔
اس موقع پر قاری خالد حمید کاظمی نے تلاوت کلامِ رحمن کی سعادت حاصل کی جبکہ عالمی شہرت یافتہ صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، صفدر علی محسن، الحاج محمد افضل نوشاہی، الحاج شہزاد حنیف مدنی، خرم شہزاد برادران، بلال برادران سمیت معروف ثناء خوان حضرات نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔
عُرس کی تقریب کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
دربار حضرت فرید ملت ڈاکٹر فرید الدین قادری رحمۃ اللہ علیہ
تبصرہ