منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 23 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی عظیم الشان تقریب

مورخہ: 06 مئی 2007ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی عظیم الشان تقریب مؤرخہ 6 مئی 2007 بروز اتوار مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور کے بالمقابل گراؤنڈ میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے غریب اور نادار خاندانوں کے 23 جوڑوں کی شادی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ فی شادی ایک لاکھ روپے کے حساب سے 23 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔ پنڈال کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور بینڈ باجے کا بھی انتظام موجود تھا۔ سینکڑوں مہمانوں کے لئے بہترین کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پنڈال وقفے وقفے سے جیوے جیوے طاہر جیوے اور مصطفیٰ کی ہے کلی طاہرالقادری کے نعروں سے گونجتا رہا۔ تقریب میں شریک ہونے والے جوڑوں کا تعلق لاہور، صوابی، راولپنڈی، مانگا منڈی، اوکاڑہ، مظفر آباد، مرید کے، پاکپتن، گوجر خان، جھنگ، نارنگ منڈی، مانسہرہ، دیپالپور اور لاڑکانہ سے تھا۔ اس پروقار تقریب کی صدارت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی۔ تقریب کے دوران صدر دارالافتاء منہاج القرآن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے 23 جوڑوں کے نکاح کا اعلان کیا اور وضاحت کی ہر جوڑے کا نکاح علیحدہ علیحدہ کرایا گیا ہے۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن عاقل ملک نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلہنوں کو علیحدہ علیحدہ جو گفٹ پیکج دیا گیا اسمیں سونے کا سیٹ، سلائی مشین، استری، واشنگ مشین، کلر ٹی وی، DVD پلیئر، پنکھا، ڈنر سیٹ، جائے نماز، چولھا، ڈبل بیڈ کرسیاں، میز، پیٹی، سوٹ کیس، رضائیاں، دلہن اور دلہا کیلئے کپڑے اور گھڑی کا تحفہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے پراجیکٹ کے علاوہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 572 سکولز، 102 فری ڈسپنسریاں چلائی جا رہی ہیں۔ مختلف شہروں میں فری آئی سرجری کیمپ لگائے جاتے ہیں، سونامی اور کشمیر کے زلزلے میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ورکرز نے آف زدہ علاقوں میں تاریخی خدمات انجام دی ہیں۔ زلزلہ کے بعد کشمیر میں 13 خیمہ بستیاں قائم کی گئیں جسمیں 1500 خاندانوں کی رہائش، خوراک اور ان کے بچوں کی تعلیم کا انتظام کیا گیا تھا۔ 8 اکتوبر کے زلزلے کے بعد مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے کی ریلیف دی گئی۔ عاقل ملک نے اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ناظم ساجد محمود بھٹی کا انتظامات میں بھرپور معاونت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایسی عبادت ہے جو اللہ کے ہاں قطعی القبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام آپ تک پہنچانا چاہتا ہوں کہ دین صرف نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ کے فرائض انجام دینے کا نام نہیں، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کی تکالیف کو ختم کرنا بھی دین کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بسلسلہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر بعثت کی مناسبت سے 23 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کی جا رہی ہیں اس سے قبل مختلف شہروں میں 275 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے کی جا چکی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ عزم ہے کہ ملک کی ہر غریب اور مستحق بیٹی اور بہن کا گھر آباد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں ہمت اور کامیابی عطا فرمائے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مزید کہا کہ انسانیت کی فلاح کیلئے کام کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ غریب اور پسے ہوئے طبقات کو زندگی کی بنیادی خو شیوں اور سہولتوں کی فراہمی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مشن ہے اور ہمیں فخر ہے کہ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی نابغہ عصر شخصیت کی قیادت میسر ہے۔

امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ کی چیئرپرسن روبینہ شاہین وٹو ایم این اے نے اس مو قع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان کی قائم کردہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے معاشرے کے غریب اور مستحق طبقے کو خوشیاں بانٹی ہیں، آج انتظامات دیکھ کر دل خوش ہوا ہے کہ بیٹیوں کو عزت اور وقار کے ساتھ رخصت کیا جا رہا ہے۔

ویمن رائٹس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شائستہ بخاری نے کہا کہ ایسی تقریبات میں شرکت کر کے روحانی سکون محسوس کر رہی ہوں۔ نئے جوڑوں کو زندگی کا آغاز کرنے میں جو مدد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بہت بڑا کام کر رہے ہیں۔ اللہ ان کے علم و عمل اور عمر میں برکت اور انکے رفاہی کاموں کو ترقی دے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مالدار لوگ غریبوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن جیسی رفاعی تنظیموں کے ذریعے غریبوں کی مدد کریں۔

اس موقع پر امیر تحریک علامہ صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، نائب امیر تحریک بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، چودھری شریف، علی غضنفر کراروی، ناظمہ منہاج القران ویمن لیگ فرح ناز اور غلام ربانی تیمور نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top