چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا جامع شیخ الاسلام لاہور میں نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں نماز جمعہ کے اجتماع سے ’’شکران نعمت‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کے ساتھ ادائیگی اور اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کا تسلسل کے ساتھ تذکرہ شکر کا بہترین طریقہ ہے، نعمتوں کے شکر اور تذکرہ سے اللہ اپنی نعمتوں میں اضافہ فرماتا چلا جاتا ہے اور ناشکرے نعمتوں سے محروم کر دیے جاتے ہیں، اگر ہم اپنے شب و روز اور سراپا پر نگاہ دوڑائیں تو ہمیں اللہ نے بے اندازہ نعمتوں سے نوازا ہے ہمیں سلامت ہاتھ پاؤں، بینائی ملنے پر اللہ کا ہر سانس اس سوچ کے ساتھ شکر ادا کرنا چاہیئے کہ ہم اللہ کی بے اندازہ نعمتوں کا شکر ادا کرنا چاہیں بھی تو اس کا شکر ادا نہیں کر سکتے ہاتھ، پاؤں، قوت گویائی اور بینائی کی نعمتوں کی کیا قدر و منزلت ہے یہ جاننا چاہتے ہو تو ان سے پوچھو جو ان نعمتوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عارضہ قلب و جگر میں مبتلا مریضوں سے پوچھو کہ ان صحت مند آرگنز کی کیا قدر ہے، انسانی جسم میں ہزار ہا آرگن ہیں جو امر ربی سے کام کرتے ہیں ان میں کوئی ایک بھی کام کرنا بند کرے تو ہم بستر پر چلے جاتے ہیں اور صحت مند ہونے کی فکر کرتے ہیں علاج پر ہزار ہا روپیہ خرچ کرتے ہیں مگر صحت مندی کے زمانہ میں ان نعمتوں کا شکر ادا نہیں کرتے، اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ملک بے حال کیوں ہوگیا؟ ہر طرف مایوسی، خوف کیوں ہے؟ اس کی واحد وجہ ناشکری ہے، ہر حال میں شکران نعمت والا رویہ اختیار کرو کفران نعمت سے بچو، جب امت کا ہر فرد اللہ کا شکر گزار بندہ بن جائے گا تو اللہ ہم سے ہر طرح کی تنگی اور مشکل کو دور کر دے گا۔
نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد چیئرمین سپریم کونسل نے ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لیے خصوصی دعا فرمائی اور فیلڈ سے تشریف لانے والے تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور عامۃ الناس سے ملاقات کی۔
تبصرہ