منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں ”ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی کورس“ کی اختتامی تقریب
شعبہ کورسز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام ’’ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی کورس‘‘ کی اختتامی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اختتامی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ قرآن سے دوستی اندھیرے میں اجالا بنے گی۔ قرآن قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت و رہنمائی ہے۔ امت اپنی نشاۃ ثانیہ کیلئے قرآن مجید کی تلاوت اوراس کے فہم و ادراک کو حرزجاں بنائے۔ منہاج القرآن قرآن کا راستہ ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر شعبہ کورسز سعید رضا بغدادی کو علوم القرآن کے فروغ کیلئے نوجوان نسل کو گرائمر اور رموز و اوقاف کے بارے میں آگاہی دینے پر مبارکباد دی اور کہا کہ فی زمانہ اس سے بڑا کوئی علم نہیں ہے اور اس سے بڑی کوئی عبادت نہیں ہے۔
ڈائریکٹر شعبہ کورسز سعید رضا بغدادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم دلوانے والے والدین خوش نصیب ہیں۔ یہ قرآن اس دنیا میں اور آخرت میں بھی ذریعہ نجات بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ کورسز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی ہدایات کے مطابق علوم القرآن کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
اختتامی تقریب میں علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر، پیر سید زین العابدین شاہ، راجہ زاہد محمود، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، نور اللہ صدیقی، مراد علی بھٹہ ایڈووکیٹ، بیرسٹر سید وسیم ہمایوں، علامہ عین الحق بغدادی، رانا وحید شہزاد نے شرکت کی۔
کامیاب کورس کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسناد دی گئیں، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اسناد تقسیم کیں اور کامیابی کے ساتھ ”ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی کورس“ مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
تبصرہ