درود پاک ایسا عظیم ورد ہے جو فوراً اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول ہوتا ہے: سید محمود الحسن جعفری

مورخہ: 22 اگست 2023ء

درود پاک کی برکت سے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا قرب حاصل ہوتا ہے: علامہ لطیف مدنی
تحریک منہاج القرآن ساہیوال کے زیراہتمام منعقدہ حلقات درود و فکر کانفرنس سے خطاب

Haqa e durood conference in sahiwal

لاہور (22 اگست 2023ء) تحریک منہاج القرآن کے تحت پاکستان سمیت دنیا بھر میں قائم حلقات درود کے مرکزی ناظم سید محمود الحسن جعفری نے کہا ہے کہ جو خوش نصیب شخص حضرت محمد مصطفی ﷺ پر درود و سلام بھیجتا ہے وہ اللہ کریم اور اس کے ملائکہ کا ہم نوا ہوجاتا ہے۔ رحمتیں اور برکتیں اس کا مقدر ہو جاتی ہیں۔ درود پاک ایک ایسا عظیم ورد ہے جو فوراً اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول ہو جاتا ہے اور جو عمل بارگاہ الہیٰ میں قبول ہو جائے تو اس کا اجر بھی بہت جلد مل جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن ساہیوال کے زیراہتمام منعقدہ حلقات درود و فکر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ڈائریکٹر مرکزی گوشہ درود علامہ محمد لطیف مدنی سمیت رہنماؤں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی گوشہ درود کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ درود پاک کی فضیلت کی برکت سے بندوں کو اللہ تبارک تعالیٰ اور اس کے پیارے محبوب کا قرب حاصل ہوتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ قیامت کے روز مجھ سے سب سے زیادہ قریب اور میری شفاعت کا سب سے زیادہ حق دار وہ ہوگا جس نے مجھ پر سب سے زیادہ درود وسلام پڑھا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ جو نسبت اور تعلق آپ کو مرکزی گوشہ درود، حلقات درود میں میسر آتا ہے اسے ہمیشہ قائم رکھیں وہ تمام لمحات غنیمت ہیں جن میں آپ حضور نبی اکرم ﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر سید محمود الحسن جعفری، علامہ محمد لطیف مدنی اور محمد زاہد سمیت دیگر رہنماؤں نے حلقات درود و فکر ساہیوال کے عہدیداران و کارکنان میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top