عوامی تاجر اتحاد کے وفد کی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سے ملاقات

40 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی

Minhaj ul Quran Press Release

لاہور(26 ستمبر 2023ء) عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی کوآرڈینیٹر الطاف حسین رندھاوا کی قیادت میں ایک وفد نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور سے ملاقات کی اور انہیں تحریک منہاج القران کی طرف سے 40 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ وفد میں نویدبٹ، رانا منظور احمد خان، محبوب عالم شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی منانا ایمان کی مضبوطی و استحکام کا ذریعہ ہے۔ آپ ﷺنے زندگی کے ہر شعبہ سے متعلق راہ نمائی مہیا کی۔ آپ ﷺنے تاجروں کے لئے بھی اقتصادی اخلاقیات کا ایک مکمل چارٹر عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ 40 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں منعقد ہورہی ہے۔ اس کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علمائے کرام سمیت جامع الازہر مصر یونیورسٹی سے شیوخ خصوصی شرکت کررہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے ذریعے ہم پوری دنیا کے مسلمانوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت کے پرچم کے سائے تلے جمع ہونا ہمارے لئے باعث خیر و برکت اور اتحاد و یگانگت کا ذریعہ ہے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر رانا حسن اختر، ذیشان خلیل اور حارث عتیق بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top