دستور مدینہ مختلف الخیال طبقات کو متحد کرتا ہے: ڈاکٹر حسن قادری
منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا کویت بار کونسل میں خطاب
کویت بار کونسل میں اٹارنی ایٹ لاء شریان الشریان اور خالد السفیان نے استقبال کیا
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کویت کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے خصوصی دعوت پر کویت بار کونسل سے خطاب کیا اور دستور مدینہ پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دستور مدینہ بین المذاہب رواداری کے فروغ اور مختلف الخیال طبقات کو متحد کرتا ہے۔ میثاق مدینہ کی تائید 60 سے زائد قرآنی آیات اور ایک ہزار سے زائد احادیث مبارک میں کی گئی ہے۔ امن و آشتی کے فروغ و قیام کیلئے میثاق مدینہ آج بھی ٹھوس فکری بنیادیں فراہم کرتا ہے۔ تقریب کا اہتمام کویت کے اٹارنی ایٹ لاء شریان الشریان کی طرف سے کیا گیا تھا۔ کویت بار کونسل پہنچنے پر کویت لائرز سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل اٹارنی ایٹ لاء خالد السفیان نے دیگر عہدیدار وکلا کے ہمراہ استقبال کیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ سیاسی، سماجی، مذہبی حقوق کی فراہمی و تحفظ اور انصاف کے بول بالا کیلئے میثاق مدینہ ایک بہترین دستاویز ہے۔ میثاق مدینہ ایک ایسا ڈاکومنٹ ہے جس کے ذریعے ہر مسلمان فخر سے کہہ سکتا ہے کہ اسلام بنیادی انسانی حقوق کا محافظ اور عالمی امن کے قیام کا داعی دین ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے میثاق مدینہ پر دستخط کر کے عملاً اس امر کی فکری بنیاد فراہم کی کہ مختلف الخیال طبقات سیاسی اعتبار سے ایک ریاست کے اندر اتحاد و اتفاق سے اپنی سماجی، اقتصادی و معاشرتی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کویت لائرز سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل نے کویت بار کونسل آمد اور دستور مدینہ کے فکر انگیز موضوع پر خطاب پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تحقیق اور علوم اسلامیہ کے گہرے مطالعہ کے معترف ہوئے ہیں۔ کویت لائرز سوسائٹی کی طرف سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کوکویت بار کونسل کے مختلف شعبہ جات اور دفاتر کا دورہ کروایا گیا اور انہیں کویت بار کونسل کی طرف سے یادگاری شیلڈ دی گئی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری عالم اسلام کی واحد شخصیت ہیں جنہوں نے دستور ریاست مدینہ کے تقابلی جائزے کے موضوع پر قاہرہ سے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے انہوں نے عربی زبان میں مقالہ تحریر کیا جس کے انگریزی اور اردو زبان میں تراجم تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں۔ ریاست مدینہ کے موضوع پر یہ واحد ضخیم تحقیق ہے۔
تبصرہ