منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین کے زیراہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس
منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین کے زیراہتمام سیرت النبیﷺ کانفرنس کے عنوان سے عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی، محفل کا انعقاد پاکستان کلب منامہ بحرین میں کیا گیا، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے شان مصطفی ﷺ پر لب کشائی کرتے ہوئے تصرف مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنا موضوع سخن بنایا۔
خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی نے آقا علیہ السلام کو بہت سی شانوں اور معجزات سے نواز رکھا تھا، اللہ تعالٰی نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو یہ معجزہ عطا فرمایا کہ بچپن میں جب پنگھوڑے میں تھے تو چاند آپ کا کھلونا تھا، آپ نے اپنے ایک اشارے سے چاند کو دو لخت کر دیا، سورج کو واپس پلٹا دیا، اپنی ہاتھ کی انگلیوں سے پانی کا چشمہ جاری فرما دیا، یہ بھی آقا علیہ السلام کے تصرفات میں سے تھا کہ کسی شے کی ہیئت کے بارے میں جو فرما دیتے اُس کی ہیئت ویسی ہی ہوجاتی، لیکن آقا علیہ السلام ہر چیز پر قدرت رکھنے کے باوجود دوسروں کو معاف فرماتے، لوگوں کی زندگی کی آسان بناتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ بڑا وہی ہے جو قدرت اور اختیار رکھنے کے باوجود عفو و درگزر سے کام لے، شفقت و رحمت کا پیکر ہو اور خیر کا منبع ہو۔ یہی پیغامِ میلاد ہے، یہی سیرت النبی ﷺ کا نچوڑ ہے کہ ہر کوئی آپ کے پاس عافیت محسوس کرے، آپ کے پاس خود کو محفوظ تصور کرے، آپ کے ہوتے ہوئے اُسے معلوم ہو کہ میرے ساتھ زیادتی نہیں ہوسکتی، ناانصافی نہیں ہوسکتی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اور شیخ الاسلام کا یہی پیغام ہے کہ جہاں جاو خیر بانٹو، محبت بانٹو۔
چیئرمین سپریم کونسل نے پروگرام کے شاندار انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین کے جملہ ذمہ داران اور محفل کی انتظامہ کو خصوصی مبارکباد دی۔ پروگرام کے آخر میں اُمتِ مسلمہ اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تبصرہ