سرگودھا میں عظیم الشان یوتھ کنونشن

رپورٹ : چوہدری عتیق الرحمن

منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام مورخہ 29 اپریل کو شاہینوں کے شہر سرگودھا میں عظیم الشان یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اس تقریب کی صدارت کی اور مرکزی ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی راہنما بلال احمد مصطفوی، چوھدری ظہیر عباس گجر اور دیگر قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ سرگودھا آمد پر تمام مرکزی قائدین کے وفد کا شاندار استقبال کیاگیا۔ اس موقع پر پھولوں کے ہار پہنا کر تمام قائدین کو ایک وفد کی شکل میں پنڈال تک لایا گیا۔ اس دوران یوتھ کے کارکنان نے استقبالی نعروں کے ساتھ اس استقبالی جلوس کو مزید پروقار بنا دیا۔

اس یوتھ کنونشن میں ضلع بھر سے سینکڑوں نوجوانوں اور یوتھ کے کارکنان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ خواتین اور تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں مگر آج کا نوجوان بے مقصدیت کی زندگی گزار رہا ہے۔ اس کو کوئی راہ دکھائی نہیں دیتی اسی وجہ سے وہ لاقانونیت اور شارٹ کٹ راستے کو اپنائے ہوئے ہے۔ ہمارے معاشرے میں اس سرمایہ کے تباہی سے بچانے کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مصروف عمل ہیں اگر امتِ مسلمہ زوال سے نکلنا چاہتی ہے تو ہمیں نوجوانوں کی تربیت کرنا ہو گی۔ قائدِ تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہر دورمیں نوجوانوں کی اہمیت کو محسوس کیا ہے اور ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔ انہوں نے مذید کہا کہ اس صدی میں امتِ مسلمہ پر انتہائی کڑا وقت ہے اور تحریک منہاج القرآن اس مشکل وقت میں امتہ مسلمہ کے اتحاد اور اس مجموعی زوال سے نکالنے کے لیے مصروف عمل ہے۔ جس میں نوجوان اس قافلے کا ہراول دستہ ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میں نئے شامل ہونے والے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ممبر بن کر اب آپ کو گھر نہیں بیٹھنا عملی طور پر اس کے کارکن بنیں۔ اس کے دعوتی اور تنظیمی کام میں شریک ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصطفوی انقلاب کی منزل تک پہنچنا عوامی تائید کے بعد ممکن نہیں اور عوامی تائید فقط دعوت کے عمل سے ہی حاصل ہوگی ہمیں دعوت کا ایک مربوط عمل شروع کرنا ہوگا۔ ہمارے پاس دعوت کے بہت سے ذرائع میں سے سب سے مؤثر ذریعہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات ہیں۔ ان کا پیغام ان کی آواز میں ہی عوام تک پہنچانا ہوگا اس کے لیے سی ڈی ایکسچینج سنٹرز کے قیام کی ایک مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پورے ملک میں ایک ہزار سے زائد سی ڈی ایکسچینج سنٹرز قائم کیئے جائیں گے جس کے ذریعے پچاس ہزار سی ڈیز دعوتی کام کے لیے مہیا کی جا رہی ہیں۔ یہ دعوتی سی ڈیز ہر ایکسچینج کے لیے 50 فیصد رعائت پر دی جائیں گی باقی کے 50 فیصد کی ادائیگی مرکز کی طرف سے کی جائے گی۔ اس موقع پر محترم چوہدری اسماعیل سندھو اور محترم ڈاکٹر ظفر علی ناز نے اپنی جانب سے سرگودھا کے لیے 100 سی ڈی ایکسچینج سنٹرز کے لیے ذاتی طور پر رقم کی ہراہمی کا اعلان کیا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اختتام پر میاں ماجد حیات انکی پوری ٹیم اور تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران کوخصوصی مبارکباد پیش کی اور میاں ماجد حیات کو انکی کاوشوں پر مرکز کی جانب سے خصوصی شیلڈ دینے کا اعلان کیا۔

مرکزی ناظم یوتھ ساجد محمود بھٹی نے کہا کہ سرگودھا شاہینوں کا شہر ہے اور منہاج القرآن یوتھ لیگ اورمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ بے شک مصطفوی انقلاب کے شاہینوں کا قافلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ اس وقت ایک بہت بڑی آفت اور طوفان سے نبرد آزما ہے دینی اقدار اور نوجوانوں کے کردار کو تباہ کیا جارہا ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے خودکشیاں اور دہشت گردی فروغ پا رہی ہے۔ آج اس مشکل گھڑی اور کڑے وقت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہو گا۔ مستقبل میں تحریک منہاج القرآن کی قیادت سنبھالنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا کیونکہ موجودہ صدی تحریک منہاج القرآن کی صدی ہے۔

صدر منہاج یوتھ لیگ چوہدری اشتیاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ دور حاضر میں نوجوانوں کو اصلاحِ احوال اور کردا ر سازی کا ایسا پلیٹ فارم دے رہی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے کردار کو سنوار کر اعمالِ صالحہ کے ذریعے دنیوی اور اخروی نجات پاسکتے ہیں اور اصلاح معاشرہ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یوتھ کنونشن سے بابر علی چوہدری (کوآرڈینیٹر یوتھ سرگودھا ڈویژن) تنویر احمد خان ماجد حیات (کنوینئر یوتھ سرگودھا) اور محمد اسماعیل سندھو (نائب امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب) نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرگزشتہ ایک ماہ کی کاوش سے 300 سے زائد نوجوانوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان تمام کارکنان کو شیلڈز اور اسناد دی گئیں۔ میاں ماجد حیات نے نو منتخب عہدیدران کا تعارف پیش کیا بعدازاں ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منھاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نو منتخب عہدیدران سے حلف لیا۔ مجموعی طور پر 50 سے زائد لوگوں کو انعامات دیے گئے۔ اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی جانب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب و کیسٹ کا سٹال بھی لگایا گیا تھا۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ھوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top