معراج کمالِ معجزات مصطفی ﷺ ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

اعلائے کلمہ حق کے لئے اللہ نے اپنے پیغمبروں کو معجزات سے نوازا، بانی منہاج القرآن

Dr Tahirul Qadri

لاہور (7 فروری 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شبِ معراج کے بابرکت موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ واقعہ معراج کمال معجزات مصطفی ﷺ اور تسخیر کائنات کے بند دروازوں کے کھلنے کی ابتدا ہے۔ اعلائے کلمہ حق اور توحید کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے اللہ رب العزت نے اپنے پیغمبروں کو معجزات سے نوازا، معجزات کا انکار قرآن و سنت کی تعلیمات کا انکار ہے۔ معراج کی شب کوئی چیز بھی پردہ غیب میں نہ رہی۔ آپ ﷺ نے مظاہرات حق و کون و مکاں کا بچشم مشاہدہ فرمایا۔ معراج کی شب آپ ﷺ کو قیامت تک کے ہونے والے واقعات کا علم عطا کر دیا گیا۔ سفرِ معراج کے دوران حضور سرور کونین ﷺ نے اللہ رب العزت کے جلال و جمال کی رعنائیاں اور لامکاں کی وسعتیں دیکھیں۔ آپ ﷺ نے تاقیامت ظہور پذیر ہونے والے واقعات کی جو نشاندہی فرمائی وہ تخیلات یا تصورات نہ تھے بلکہ عین حقیقت اور مشاہدات تھے جن کا اظہار تاوصال آپؐ بتدریج فرماتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت کرو کیونکہ اللہ رب العزت نے پیغمبر آخر الزماں ﷺ کو تمام علوم و معارف عطا فرما دئیے تھے۔ آپ ﷺ نے جو فرمایا وہ حق ہے، اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو جنت، دوزخ کی حقیقت اور قبر و حشر کے سوالات و حسابات کی حقیقت سے بہرمند فرمایا تھا۔ آپ ﷺ کو شبِ معراج توحید و رسالت کی فضیلت و حقانیت کا کامل ادراک عطا فرمایا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top