منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب 3 مارچ کو ہو گی

مورخہ: 02 مارچ 2024ء

23جوڑے رشتہ ازواج میں منسلک ہوں گے، ضروریات زندگی کا تمام سامان تحفہ میں دیاجائیگا
اللہ کا شکر ہے شادیوں کی اجتماعی تقاریب دو دہائیوں سے منعقد ہورہی ہیں: سید امجد علی شاہ

Collective Marriage ceremoney

لاہور (2 مارچ 2024ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شادیوں کی 21ویں اجتماعی تقریب 3 مارچ 2024ء دن 10 بجے منہاج القرآن انٹرنیشنل 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور کے بالمقابل گراؤنڈ میں منعقد ہورہی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری بطور مہمان خصوصی شرکت کرینگے اس کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات تقریب میں مدعو کی گئی ہیں۔ 21ویں تقریب میں 23 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونگے۔ تمام جوڑوں کو ضروریات زندگی کا سامان تحفہ میں دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر انسٹیٹیوشن اینڈ پراجیکٹس سید امجد علی شاہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے شادیوں کی یہ 21ویں اجتماعی تقریب ہے اور اب تک سینکڑوں جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یہ تعلیم ہے کہ دکھی انسانیت کی باوقار مدد اور خدمت عبادت کی روح ہے۔ شیخ الاسلام نے 20 سال قبل خدمتِ خلق کے جس مشن کا آغاز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قائم کر کے کیا تھا وہ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری و ساری ہے اور اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا یہ سلسلہ لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں تک پھیلا ہوا ہے۔ مخیر حضرات کے تعاون سے شادیوں کی اجتماعی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے اور حق داروں تک ان کا حق پہنچایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقد ہونے والی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں ہر بارات کا منہاج القرآن اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین استقبال کرتے ہیں اور بیٹیوں کو دعاؤں کے ساتھ الوداع کیا جاتا ہے۔ نکاح خوان کی ٹیم ہمہ وقت موجود ہوتی ہے اور باراتیوں کے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلہوں اور دلہنوں کے عزیز و اقارب کے لئے وسیع و عریض خوبصورت ہال قائم کیا گیا ہے جس کی خصوصی طور پر تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ نیکی کے اس کام کی مناسب کوریج کرے تاکہ مخیر حضرات ایسے نیک کاموں کے لئے آمادہئ عمل ہو سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top