77واں یوم آزادی: منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب
آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے: انجینئر محمد رفیق نجم
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 77ویں یوم آزادی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی،کیک کاٹا گیا، پرچم کشائی کی گئی اور ملکی خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب میں موجود رہنماؤں نے مادر وطن کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے تصور کے مطابق ایک اسلامی، فلاحی مملکت بنانے کے عزم کی تجدید کی۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ مناتی ہیں کہ وہ اپنے ملک کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنائیں گے۔آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ آزادی اللہ کی بیش قدر نعمت ہے۔ ملک و قوم کی آزادی اور خودمختاری ذات، جماعت سے بالاتر ہوتی ہے۔ پاکستان شہدا کی امانت ہے۔ 14اگست کا دن ہماری تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہی وہ مبارک دن ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ان کی حقیقی منزل یعنی آزادی سے ہمکنار کیا۔ قوموں کی تاریخ میں ایسے دنوں کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے اس لئے کہ وہ ان سے بہت کچھ سیکھ کر منزل مقصود تک پہنچنے کی جدوجہد کرتی ہیں۔آج ہم تاریخ کے ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہمیں اپنی تاریخ سے سبق حاصل کرنے کے بعد اپنے مستقبل کی تعمیر کی جدوجہد کو جاری رکھنا ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت قوم یوم آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو بچانے اور مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
تقریب میں سید الطاف شاہ گیلانی، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل،حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی، سردار عارف، سجاد خان، سعید اختر، سید محمود الحسن جعفری، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، نورین علوی و دیگر رہنماء کارکنان نے شرکت کی۔
تبصرہ