منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹرطاہرالقادری کا اعزاز
ہانگ کانگ سنٹرل لائبریری میں ان کی کتابیں رکھے جانے کا معاہدہ
شیخ الاسلام کی انگریزی اور چینی زبان میں ترجمہ شدہ کتب لائبریری میں رکھی جائینگی
لاہور(22 اگست 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انگریزی اور چینی زبان میں ترجمہ شدہ کتب ”ہانگ کانگ سنٹرل لائبریری“ میں رکھے جانے کا معاہدہ ہواہے۔ معاہدہ پر ”مسٹرلی“ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آف لائبریریز، سینئر لائبریری منیجر ڈاکٹر کارن چن اور ڈسٹرکٹ کونسلر وممبر آف ہانگ کانگ پبلک لائبریریز ایڈوائزری کمیٹی ڈاکٹر رضوان اللہ نے دستخط کئے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے خصوصی دعوت پر لائبریری آف ہانگ کانگ کا وفد کے ہمراہ دورہ کیا اور منہاج القرآن اور لائبریری آف ہانگ کانگ کے درمیان ہونے والے معاہدہ پر دستخط کئے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بہت ساری کتب انگریزی زبان میں مرتب ہوئی ہیں جن میں قرآن مجید کا چینی زبان میں ترجمہ بھی شامل ہے۔ مزید کتب کے چینی زبان سمیت مختلف زبانوں میں تراجم جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام کی پرامن تعلیمات کو دیگر معاشروں میں ان کی زبانوں میں پہنچانا ناگزیر ضرورت ہے۔ زبان کی رکاوٹ کی وجہ سے غیر عربی اور غیر اردو معاشرے اسلام کی انسانیت دوست آفاقی تعلیمات سے نابلد ہیں۔ اس خلاء کو پر کرنے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے دیگر زبانوں میں اہم کتب کے تراجم کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے پبلک لائبریری ہانگ کانگ کے منتظمین کا معاہدے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے بین المذاہب و بین التہذیب مکالمہ اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا ہو گا۔ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو گا۔ دنیا کے دیگر معاشروں کو اسلام کی تعلیمات سمجھنے میں مدد ملے گی۔
معاہدے کے مطابق شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی انگریزی کتب اس لائبریری میں رکھی جائیں گی۔ محمد نجیب، محمد حفیظ، طاہر محمود، ڈاکٹر میاں منصور وفد میں شامل تھے۔
تبصرہ