آغوش کمپلیکس لاہور میں فیوچر اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا افتتاح

Inauguration Future Skill Development Center in Aghosh Complex

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر اور چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش کمپلیکس لاہور میں فیوچر اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس سنٹر کا قیام آغوش آرفن کیئر ہوم کے زیر کفالت بچوں کو جدید آئی ٹی اسکلز، ای کامرس، انگریزی زبان کی مہارت، اور دیگر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ یہ بچے نہ صرف اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں بلکہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے خود مختار زندگی گزار سکیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکل ڈویلپمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ چلنے کے لیے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آغوش کمپلیکس میں بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کی تربیت کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ عملی زندگی میں بھی کامیاب ہوں۔

اس سنٹر کے ذریعے بچوں کو کمپیوٹر پروگرامنگ، گرافک ڈیزائننگ، ویب ڈیولپمنٹ، ای کامرس، اور انگریزی زبان کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ساتھ ہی IELTS کی تیاری اور دیگر پروفیشنل کورسز بھی کروائے جائیں گے، تاکہ یہ بچے عالمی معیار کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی مواقع حاصل کر سکیں۔

افتتاحی تقریب میں محترمہ فضہ حسین قادری، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال، کیپٹن ندیم اقبال، عابد عزیز، عمران ظفر بٹ، عبدالرحمن ملک، غلام مرتضیٰ علوی، مسز رومانہ مبشر، اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے اس سنٹر کے قیام کو ایک انقلابی قدم قرار دیا اور آغوش کمپلیکس کی خدمات کو سراہا۔

اس تقریب کا اختتام خصوصی دعا کے ساتھ ہوا، جس میں آغوش آرفن کیئر ہوم کے زیر کفالت بچوں کے روشن مستقبل اور اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔

Inauguration Future Skill Development Center in Aghosh Complex

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top