ایتھنز: منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام 29ویں سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ کا انعقاد
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مقامی دیموس ہال میں منعقدہ 29ویں سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ میں خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات محبت، امن اور اخلاقیات کا کامل نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مادی دور میں ہمیں سیرت النبی ﷺ پر عمل کرتے ہوئے اپنے کردار اور اخلاق کو سنوارنے کی اشد ضرورت ہے۔ آقا کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں دوسروں کے حقوق کا تحفظ، عزتِ نفس کی پاسداری اور برائیوں سے اجتناب کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا اُسوۂ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت، عزت و آبرو کا تحفظ، اور محبت و امن کا فروغ دینِ اسلام کے بنیادی اُصول ہیں۔ اگر ہم دنیا و آخرت کی کامیابی چاہتے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے دلوں کو حضور نبی اکرم ﷺ کی محبت سے منور کریں اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن ہوں۔
اس عظیم الشان محفل میں یورپ بھر سے ممتاز شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافتی نمائندوں نے شرکت کی۔ منہاج یورپین کونسل کے صدر بلال اُپل، سویڈن سے ایم کیو آئی کے صدر بابر شفیع شیخ، جنرل سیکرٹری احمد جاوید وڑائچ بھی موجود تھے۔ یونان بھر سے پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں موجود تھی۔ دور دراز علاقوں سے لوگ اس روحانی اجتماع کا حصہ بنے۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مطیع اللہ صاحب اور ننھی بیٹی عمرہ نے حاصل کی جس کے بعد نعت خواں حضرات شاہد اکرم، ارشد محمود، محمد حسنین، احسن سیفی، امانت علی اور محمد افضال نے حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ نقابت کے فرائض قاری مدثر مصطفیٰ اور احمد فراز نے سر انجام دئیے۔
محفل کے اختتام پر صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان ارسلان خرم چیمہ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، ضیافت کا اہتمام YES ٹریولز کی جانب سے کیا گیا۔
تبصرہ