کراچی: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سے زہرہ (س) اکیڈمی میں ملاقات
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری جو کہ ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور اور المواخات مائیکرو فنانس کے چیئرمین بھی ہیں، نے اپنے کراچی وزٹ کے دوران چیئرمین الصادق انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس، چیئرمین زہرہ (س) اکیڈمی اور سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی سے ان کے ادارے زہرہ (س) اکیڈمی میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں علمی، فکری اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے، علمی و تحقیقی میدان میں تعاون کو فروغ دینے، اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی بین الاقوامی سطح پر بین المسالک رواداری، علمی ترقی اور انسانی خدمت کے لیے جاری کاوشوں پر روشنی ڈالی، جبکہ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے منہاج القرآن کے مثبت کردار کو سراہا اور مستقبل میں مزید تعاون کی امید ظاہر کی۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی
کو اپنی تصانیف بطورِ تحفہ پیش کیں۔
اس موقع پر صدر تحریک منہاج القرآن کراچی مسعود احمد عثمانی، ناظم منہاج القرآن کراچی
عتیق احمد چشتی، زاہد لطیف، جواد انصاری، حافظ عرفان بھٹی، بشیر مروت، محمد اقبال مصطفوی،
سید ظفر اقبال شاہ، عصمت اللہ نیازی اور دیگر رفقاء بھی شریک تھے۔
تبصرہ