رمضان المبارک کی آمد پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتا ہوں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 02 مارچ 2025ء

ماہ صیام دین کی بھلائی اور آخرت کی کمائی کا مہینہ ہے: بانی منہاج القرآن
اس ماہ مبارک میں دوزخ کے دروازے بند جنت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں: بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن

Dr Tahir-ul-Qadri congratulates Muslim Ummah on the arrival of Ramadan

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ماہ صیام کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، بخشش و مغفرت کا مبارک مہینہ ہے۔ ملت اسلامیہ کو رمضان المبارک کی آمد کی مبارک دیتا ہوں۔ رمضان المبارک فیوض و برکات اور انعامات ربانی کا گراں بہار مجموعہ ہے۔ یہ دین کی بھلائی اور آخرت کی کمائی کا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں دوزخ کے دروازے بند، جنت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں، اور شیطان کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے رمضان المبارک کو صبر و ضبط اور ایثار کا مہینہ قرار دیا ہے۔ ضبط نفس اور ہمدردی و غم خواری ماہ صیام سے خاص نسبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماہ مقدس رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، جو تقویٰ، صبر، شکر اور روحانی ترقی کی تربیت دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ماہ مبارک کی زیادہ سے زیادہ برکات سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں اس کے اکرام و احترام کو بجا لانے والا بنائے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں بھوک اور پیاس برداشت کرنےسے دوسروں کے دکھ درد کا احساس دلاتا ہے اور ہمارے دلوں میں تقویٰ پیدا کرتا ہے۔ روزہ صرف جسمانی مشقت نہیں، بلکہ یہ ایک روحانی تربیت ہے جو ہمیں صبر، شکر اور دوسروں کے حقوق کا احترام سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ اللہ کی قربت حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، ہمیں چاہیے کہ ہم نبی اکرم ﷺ کے مبارک معمولات کو اپنائیں، تلاوتِ قرآن حکیم، عبادات، ذکر و اذکار اور خیرات و صدقات کو معمول بنائیں اور رمضان کو اپنی بخشش و نجات کا ذریعہ بنا لیں۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ تمام اہلِ اسلام اس مبارک مہینے میں اپنے قلوب و اذہان کو پاک کریں، اپنے کردار کو سنواریں اور اللہ کے حضور توبہ و استغفار کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی ساعتیں انتہائی قیمتی ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم ان لمحات کو غفلت میں ضائع نہ کریں اور زیادہ سے زیادہ عبادات و نیکیوں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ کا کروڑہا شکر ہے کہ ہمیں اپنی زندگی میں ایک بار پھر رمضان المبارک کے بابرکت ایام نصیب ہو رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top