معاشرتی بگاڑ تعویز، گنڈوں سے نہیں شکر گزاری سے ٹھیک ہو گا: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
جب ہم شکر گزار بندے بن جائیں گے تو اللہ اپنے انعامات میں اضافے فرما دے گا، گفتگو
لاہور (26 اپریل 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے قرآن مجید کی سورۃ القصص کے حوالے سے منعقدہ خصوصی فکری نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی قوم تکبر اور ناشکری کے اندھیروں میں ڈوب جاتی ہے تو تباہی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔ اللہ رب العزت نے اُن قوموں اور بستیوں کو نیست و نابود کر دیا جو شکر کرنے کی بجائے ناشکری کرتی تھیں، یہ محض ایک قرآنی واقعہ نہیں ہے بلکہ آج کے حالات کا آئینہ ہے۔ آج معاشرتی زوال، گھویلو بدامنی، معاشی بحران اورتباہی کی جڑ اسی ناشکری میں پنہاں ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنی ناکامیوں اور پریشانیوں کا الزام ہمیشہ دوسروں پر دھرتے ہیں، کبھی نظر بد، کبھی جادو ٹونے کو کاروبار کی بندش کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں لیکن ہم یہ سوچنے کے لئے تیار نہیں ہیں کہ ناکامی کے اصل ذمہ دار ہم خود ہیں۔ اصل جادو وہ تکبر، ناشکری، بے حسی اور دوسروں کو حقیر جاننا ہے اور یہ زہر ہماری رگ و پے میں سرایت کر چکا ہے۔ تکبر اور ناشکری کی وجہ سے ہمارے کاروبار، عمر اور گھروں سے برکت اٹھ گئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ شکرگزاری وہ جادوئی نسخہ ہے جس سے ہم اپنی زندگیوں کو بدل سکتے ہیں۔ اگر ہم ہر حال میں اللہ کی نعمتوں کو تسلیم کرتے ہوئے اُس کا شکر بجا لائیں تو ہمیں اطمینان اور سکون کی دولت میسر آجائے گی۔ ہمیشہ اس بات کا صدق دل سے اعتراف کریں کہ اللہ نے جو خوبیاں عطا کی ہیں ہم اس کے قابل نہیں تھے۔ اللہ نے روشن آنکھیں دی ہیں جس سے ہم دنیا کی رعنائیوں کو دیکھتے ہیں، اللہ نے ہمیں حواس خمسہ عطا کئے جن سے ہم اچھے، برے کی تمیز کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ ہمارے درمیان ایسے لوگ بھی ہیں جو بصارت سے محروم ہیں، ہاتھ، پاؤں سے محروم ہیں، ان لوگوں کو دیکھ کر تو ہمیں ضرور شکر بجا لانا چاہیے کہ اللہ رب العزت نے ہمیں ان نعمتوں سے محروم نہیں رکھا۔ جب ہم شکر گزار بندے بن جائیں گے تو اللہ اپنے انعامات میں اضافے فرما دے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب دل میں عاجزی کانور جاگتا ہے تو اللہ کی رحمتوں کے دروازے خودبخود کھل جاتے ہیں۔ اولاد، رشتوں، گھریلو زندگی اور معیشت کا بگاڑ کسی تعویز یا جھاڑ پھونک سے نہیں بلکہ اللہ کے شکر گزار بندے بننے سے ٹھیک ہو گا۔
تبصرہ