مذہبی سیاسی جماعت کے کارکنان کا قتل قابل مذمت ہے:مفتی غلام اصغر صدیقی

واقعات کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں، قانون کے مطابق کام کرنے والے مدارس کو ہراساں نہ کیا جائے
افواج پاکستان قومی سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہیں، اس وقت قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے

Mufti Ghulam Asghar Siddiqui Condemns Muridke Incident 2025

لاہور (14 اکتوبر 2025ء) منہاج القرآن علماء کونسل کے صدر مفتی غلام اصغر صدیقی نے مریدکے میں مذہبی سیاسی جماعت کے کارکنان پر مبینہ بہیمانہ تشدد، جلاؤ گھیراؤ اور قتل کے حوالے سے سوشل میڈیاپر وائرل ہونے والی خبروں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئیں اور جس نے بھی قانون ہاتھ میں لیا ہے اور غیر قانونی اقدامات کئے ہیں ان کی کڑی گرفت کی جائے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہم بے گناہ کارکنان کی مبینہ ہلاکتوں اور تشدد کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت افواج پاکستان مغربی اور مشرقی محاذوں پر قومی سلامتی کا جرأت مندی کے ساتھ دفاع کررہی ہیں اور وطن عزیز میں دہشت گردی کے خلاف بھی ایک فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے، ایسے موقع پر قومی یکجہتی اور اتحاد و رواداری کی اشد ضرورت ہے لہٰذا طاقت کے بے رحم استعمال کی بجائے مکالمہ کیا جائے اور مسائل کو بات چیت سے حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان سے ملحقہ ادارے قانون کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور ریاستی پالیسی کے مطابق اپنی تدریسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ ادارے کسی قسم کی غیر قانونی اور انتہا پسندانہ سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی شکایات مل رہی ہیں کہ چھوٹے شہروں اور قصبات میں مقامی پولیس پکڑ دھکڑ کررہی ہے، مدرسین کو ہراساں کررہی ہے جس سے اشتعال انگیزی پیدا ہورہی ہے، یہ سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے، اعلیٰ افسران کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، قانون کے مطابق اپنی تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے والے مدارس دینیہ کو ہراساں کرنے کی بجائے اُن سے تعاون کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top