دل انسانیت کا نمائندہ ہے اور زبان دل کی ترجمان ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے انسان کے جسم کے اکثر اعضاء کو جوڑوں کی صورت میں پیدا کیا۔ قرآنِ مجید میں اللہ نے خود کہا کہ کیا ہم نے اس کے لیے دو آنکھیں نہیں بنائیں؟ آنکھیں بھی دو، ہونٹ بھی دو، کان بھی دو، ہاتھ بھی دو، پاؤں بھی دو، حتیٰ کہ گردے بھی دو بنائے۔ مگر جب دل کی باری آئی تو فرمایا کہ سینہ بھی ایک بنایا اور دل بھی ایک بنایا تاکہ دل کا اظہار کرنے اور اس کی مراد انسانیت تک پہنچانے کے لیے ہونٹ تو دو رکھے مگر زبان ایک رکھی۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دل انسانیت کا نمائندہ ہے اور زبان دل کی ترجمان ہے، کیونکہ دل کی بات زبان سے ہی ادا ہوتی ہے۔ پھر حدیثِ شریف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ تمہارے جسم میں ایک لوتھڑا ہے، اگر وہ درست ہو گیا تو پورا جسم درست ہو جاتا ہے اور اگر وہ فاسد ہو گیا تو پورا جسم فاسد ہو جاتا ہے۔ صحابہ اکرام نے پوچھا کہ اس لوتھڑے کا کیا نام ہے؟ تو فرمایااس کا نام بھی دل ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ دل پورے جسم کو کنٹرول کرتا ہے اور انسان کی باطنی پارلیمنٹ دل میں قائم ہوتی ہے۔ اس پارلیمنٹ کے لیے اللہ رب العزت نے دو طاقتیں بنائی ہیں جن میں ایک روح اور ایک نفس ہے۔ نفس برائی کی طرف ابھارتا ہے جبکہ روح خیر اور نیکی کی طرف بلاتی ہے۔ روح کے بارے میں فرمایا کہ یہ رب کے معاملے میں ہے اور نفس انسان کو برائی کی طرف مائل کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں طاقتیں دل پر حکومت قائم کرنے کی جنگ کرتی ہیں۔ اگر دل پر حکومت دو بنائی جاتیں تو جسم کبھی ایک سمت نہ چل پاتا۔ اللہ نے فرمایا کہ میں بھی ایک ہوں اور تیرا دل بھی ایک ہے، اس لیے جس کے قبضے میں دل آیا دماغ بھی اسی کا مطیع ہو جاتا ہے۔ دماغ کبھی پارلیمنٹری نظام کا وزیراعظم بنتا ہے اور کبھی صدارتی نظام کا صدرہوتا ہے مگر دونوں صورتوں میں فیصلے دل ہی کے تابع ہوتے ہیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اللہ نے انسان کو دو راستے فراہم کیے ایک فسق و فجور کی طاقت اور دوسرا تقویٰ و طہارت کی طاقت دی ہے۔ دونوں کو آزاد چھوڑ دیا گیا تاکہ انسان کے اختیار کا امتحان لیا جائے۔ جب انسان عالمِ ارواح سے بشریت کے پنجرے میں آیا تو یہ دیکھا جاتا ہے کہ اللہ کی قربت کے اثرات دل میں باقی ہیں یا نہیں ہیں۔
چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹرحسن محی الدین قادری نے کہا کہ ابتدا سے یہی جنگ جاری ہے اور سب کو معلوم ہے کہ حکومت دل پر قائم ہونی ہے۔ دل پاک تو جسم پاک ہوتا ہے، دل خراب تو پورا جسم خراب ہوجاتا ہےاصل بات ہی دل کی ہےاگر دل بچ گیا تو سب کچھ بچ گیا اور اگر دل پھنس گیا تو انسان ساری زندگی پھنس کر رہ جاتا ہے۔


















تبصرہ